گول//جہاں ایک طرف سے ریاستی اور مرکزی سرکاروں نے سر سبز سونے (جنگلات) کو بچانے کیلئے بڑے پیمانے پر اقدامات اٹھائے لیکن یہ اقدامات اب آہستہ آہستہ دھیمے پڑ گئے ہیں اور پھر سے جنگلات کو لوگوں نے آباد کرنا شروع کر دیا ہے ۔ وہیں لال سنگھ کے محکمہ جنگلات کا قلم دان سنبھالنے کے ساتھ ہی جنگل کو بچانے کی کچھ اُمید جاگی تھی مگر زمینی سطح پر کچھ دکھائی نہیں دے رہا ہے ۔ یہاں ضلع رام بن کے سب ڈویژن گول میں آج بھی لوگ جنگلات پر غیر قانونی قبضہ کرنے میںمصروف ہیں۔ جہاں اس جنگل کو زراعت کی شکل دی گئی وہیں یہاں پر بڑی بڑی تعمیرات بھی ہو رہی ہیں اور سرعام ہو رہی اس تعمیر پر نا ہی محکمہ جنگلات اس کو روکنے میں کوئی قدم اٹھا رہا ہے اور نہ ہی پولیس انتظامیہ جسے جنگلات کو بچانے کیلئے کچھ اختیارات بھی گئے ہیں ۔ گول رینج کے اشکنڈہ مقام پر جنگلات اراضی آج کل تازہ تعمیر ہو رہی ہے اور گول مہور کی شاہراہ بر لب جنگل میں تعمیر ی کام پر کوئی روک ٹوک دیکھنے کو نہیں مل رہی ہے ۔ وہیں مارچ لگنے کے ساتھ ہی محکمہ جنگلات نے بڑے پیمانے پر جنگلات کو بچانے کے لئے نئی تعمیر پر مکمل روک لگائی تھی اور جنگلات میں فصل اُگانے کیلئے لوگوں کو مکمل طور پر منع کیا گیاتھا لیکن ساتھ ساتھ یہاں پر محکمہ کی بجلی مرکبانوں پر ہی گری کیونکہ اُن کا کوئی سیاسی اثر رسوخ نہیں تھا ۔جہاں ایک طرف سے تازہ تعمیر کے صرف دس میٹر دور محکمہ نے کلوزر لگا کر تقریباً ایک صدی سے پرانے آباد نوتوڑ کو کلوزر لگا کر اپنی بہتر کار کردگی کا ثبوت پیش کیاہے وہیں مالدار اور اثر رسوخ لوگوںکی جنگلات میں ناجائز تجاوزات کا بے تحاشہ سلسلہ محکمہ کی اِن لوگوں کیساتھ ملی بھگت کی پول کھولتا ہے اور محکمہ کے دوسرے چہرے کا بے نقاب کرنے کیلئے کافی ہے ، کیونکہ غریب عوام نے صدیوں قبل مال مویشی پالنے کی خاطر جنگلات میں ڈیرے جمائے تھے اُن ہی جگہوں پر اپنے کلوزر لگائے اور اثر ورسوخ والوں کے ساتھ چھیڑ چھاڑ محکمہ اپنی توہین سمجھتا ہے یہی وجہ ہے متعلقہ محکمہ کی ملی بھگت کی وجہ سے آج کل تازہ تعمیر ات کا سلسلہ جاری ہے ۔ اشکنڈہ میں ہو رہی تازہ اور نا جائز تعمیر کے سلسلے میں جب ذرائع ابلاغ کے نمائندوں نے رینج آفیسر گول سے پوچھا تو انہوں نے کہا ’’میری نوٹس میں ابھی تک ایسا کوئی مسئلہ نہیں ہے اب جبکہ میری نوٹس میں یہ معاملہ آیا تو میں تحقیق کروں گا اگر ایسا کوئی مسئلہ ہے تو اس پر روک لگائی جائے گی ‘‘اور تازہ تعمیر کو اکھاڑ پھینک کر غیرقانونی اقدام دینے والے افراد کیخلاف فوری کاروائی عمل میں لائی جائیگی۔ انھوں نے کہا کہ کسی کو بھی تعمیر کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی ساتھ ساتھ جنگلات میں فصل اُگانے کی بھی کسی کو اجازت نہیں ہے ایسے لوگوں کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی۔