گاندربل //گاندربل ضلع میں اُس وقت سنسنی پھیل گئی جب گزشتہ شب دریائے جہلم میں کود کر اپنی زندگی کا خاتمہ کرنے والی پائین شہر کی ایک خاتون کی لاش دریا سے برآمد کی گئی۔ گاندربل کے کھر باغ بٹہ وینہ علاقے میں جمعرات کی دوپہر مقامی لوگوں نے دریائے جہلم میں ایک لاش دیکھی اور فوری طور پر پولیس کو اطلاع دی۔پولیس کی ایک ٹیم جائے واردات پرپہنچی اور لاش کو اپنی تحویل میں لے لیا جس کی شناخت45سالہ خاتون روبینہ اختر زوجہ بلال احمد بٹ ساکن نوا کدل سرینگر کے بطور کی گئی۔پولیس کا کہنا ہے کہ مذکورہ خاتون نے بدھ کی شام نوا کدل پل سے دریائے جہلم میں چھلانگ لگاکر اپنی زندگی کا خاتمہ کردیا۔قانونی اور طبی لوازمات کی ادائیگی کے بعد خاتون کی لاش ورثاء کے سپرد کی گئی تو علاقے میں کہرام مچ گیا۔فوری طور پر یہ واضح نہیں ہوسکا کہ خاتون نے کن حالات سے تنگ آکر اس طرح کا انتہائی قدم اٹھایا۔تاہم پولیس کا کہنا ہے کہ معاملے کی نسبت کیس درج کرکے تحقیقات شروع کی گئی ہے۔