سرینگر//وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی نے کل سرینگر ہوائی اڈے پر پہلی حج پرواز کے اترنے میں پیدا شدہ تعطل پر اپنی نا خوشی کا اظہار کیا ہے ۔اس سلسلے میں منعقدہ ایک اعلیٰ سطحی میٹنگ کی صدارت کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ نے چیف سیکرٹری بی بی ویاس کو مرکزی حکومت کے شہری ہوا بازی حکام کے ساتھ معاملہ اٹھانے کیلئے کہا اور ائیر لائین حکام کو اس قسم کی صورتحال کو دوبارہ پیش نہ آنے کو یقینی بنانے پر بھی زور دیا ۔ محبوبہ مفتی نے پرنسپل ریذیڈنٹ کمشنر نئی دہلی کو ہوائی پروازوں کی مدت کے دوران وہیں مقیم رہنے اور ریاست کے حجاج کے بروقت پہنچنے کیلئے تعاون فراہم کرنے کیلئے کہا ۔وزیر اعلیٰ نے ڈویژنل کمشنر کشمیر کو ائیر لائین اور ائیر پورٹ حکام کو چوکسی برتنے کیلئے کہا تا کہ کسی بھی صورت میں حجاج کو لانے والی پروازوں کو سرینگر ہوائی اڈے پر اترنے کیلئے انتظار کر نا نہ پڑے ۔ انہوں نے تمام متعلقہ ایجنسیوں کے مابین قریبی تال میل قایم کرنے پر زور دیا تا کہ حجاج کی بروقت وطن واپسی یقینی بن سکے اور انہیں کسی قسم کی دقت کا سامنا نہ کرنا پڑے ۔