سرینگر //نامعلوم افراد نے سنگلدان میں ایک لڑکی کے چہرے پر کوئی سپرے پھینک کر اُس کو بے خوش کر دیا جس کے بعد لڑکی کے بال کاٹ دئے ۔ عینی شاہدین کے مطابق لڑکی ابھی بھی ہسپتال میں بے خوشی کی حالت میں ہے۔ پولیس نے اس سلسلے میں کیس درج کر کے تحقیقات شروع کر دی ہے ۔مقامی لوگوں نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ سنیچر کی شام 7بجے سنگلدان کی رہنے والی دو لڑکیاں پانی لانے کےلئے گھر سے تھوڑا دور گئی ہوئی تھیں کہ اس دوران وہاں دو نامعلوم افراد جن میں ایک نقاب پوش تھا اور ایک کا چہرہ کھلا تھا اُن کے سامنے آئے اور اُن پر کچھ سپرے پھینک دیا جس کی وجہ سے ایک لڑکی وہیں بیہوش ہوئی اور پھر اُس کے بال کاٹ دئے ۔دوسری لڑکی نے اس دوران اگرچہ چیخ وپکار کی تاہم دونوں افراد وہاں سے بھاگنے میں کامیاب ہوئے ۔اس واقعہ کے بعد وہاں لوگوں کی ایک بھیڑ جمع ہوئی اور انہوں نے مذکورہ لڑکی کو بیہوشی کی حالت میں ہسپتال پہنچایا ۔مقامی لوگوں نے اس واقع کے خلاف زبردست احتجاج کرتے ہوئے پولیس کو مطلع کیا اور مطالبہ کیا کہ اس واقعہ میں ملوث افراد کے خلاف سخت کاروائی عمل میں لائی جائے ۔ مقامی لوگوں کا کہنا ہے وہ شام چھ بجے کے بعد گھر سے باہر نکلنے میں کتراتے ہیں کیونکہ یہاں خوف ودہشت کا ماحول پیدا ہو گیا ہے اور اگر یہ سلسلہ جاری رہا تو کل سے کوئی بھی بچی گھر سے باہر نہیں نکلے گی۔ایس پی رام بن موہن لال نے اس حوالے سے کشمیر عظمیٰ کو بتایا ” ہمیں بھی اس طرح کی ایک شکایت ملی ہے۔مذکورہ لڑکیوںنے پولیس کو بتایا کہ ایسا لگا کہ پیچھے کوئی کھڑا تھا جس نے حملہ کیا“۔انہوں نے کہا کہ دونوں لڑکیوں کی حالت مستحکم ہے ۔انہوں نے مزید کہاکہ پولیس تحقیقات کر رہی ہے اور لوگوں سے بھی بات چیت جاری ہے اور لوگوں سے کہا گیا ہے کہ اگر انہیں کوئی ایسا شخض دکھائی دے تو پولیس کو آگاہ کریں ۔