سرینگر//صوبائی کمشنر کشمیر بصیر احمد خان کی صدارت میںکل 239ویں اعلیٰ سطحی کمیٹی کی میٹنگ میں سرکیولر روڈ اوردیگر ترقیاتی پروجیکٹوں کی پیش رفت کاجائزہ لیا گیا۔میٹنگ میں ترقیاتی کمشنر سرینگر،اے ڈی سی سرینگر،چیف انجینئر آر اینڈ بی،کمشنر ایس ایم سی ،ڈپٹی ڈائریکٹر پلاننگ ،اسسٹنٹ کمشنر ،تعمیرات عامہ اور ایس ایم سی کے آفیسران کے علاوہ منتقل کئے جارہے کنبے، دکاندار ،دکان مالکان اور متعلقہ آفیسران بھی موجود تھے۔میٹنگ کے دوران شہری کنبوں،دکان مالکان اوردکانداروں کے اُن معاملات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا جو کہ سرکیولر روڈ پروجیکٹ،شیشہ گری محلہ قرفلی محلہ میں کیمونٹی ہالوں،زیون جنکشن سیمپورروڈ ،حبہ کدل بابا پورہ روڈ،نیو حبہ کدل براستہ نئی سڑک گائوکدل سڑک کی کشادگی اوردیگر ترقیاتی پروجیکٹوں کی وجہ متاثر ہورہے ہیں۔اس موقعہ پر متاثرہ کنبوں کو نقد معاوضہ اورپلاٹ فراہم کرنے کے علاوہ دکانداروں اور دکان مالکان کو دکانیں الاٹ کی گئیں۔صوبائی کمشنر نے محکمہ تعمیرات عامہ کو ایسی دکانیں اور ڈھانچے فوری طور منہدم کرنے کی ہدایت دی جو کہ معاوضہ اور دکانیں حاصل کرچکے ہیں تاکہ ترقیاتی پیش رفت میں کسی قسم کی رکائوٹ حائل نہ ہوسکے۔