سرینگر//اپنی نوعیت کی پہلی بین الاقوامی مہم جو دوڑ ایکسپڈیشن انڈیا 2017 کی میز بانی کشمیر کر رہا ہے ۔ مہم کا انعقاد جوہنس برگ کی ایک مہم جو کمپنی کائینیٹک ایونٹس محکمہ سیاحت اور جموں کشمیر بنک کے اشتراک سے کر رہا ہے ۔ وزیر مملکت برائے سیاحت پریا سیٹھی نے ایس کے آئی سی سی میں مہمانوں کا افتتاحی تقریب میںاستقبال کیا جبکہ پہلے مرحلے پر کمشنر سیکرٹری سیاحت ایم ایچ ملک اور چئیر مین جموں کشمیر بنک پرویز احمد نے مشترکہ طور شنکرا آچاریہ مندر پہاڑی پر ڈاؤن ہل دوڑ کو ناظمِ سیاحت کشمیر اور محکمہ کے ڈپٹی ڈائریکٹروں ریاض احمد بیگ اور پیر زادہ ظہور کی موجودگی میں ہری جھنڈی دکھا کر روانہ کیا ۔ قریباً 14 ٹیموں نے دوڑ میں شرکت کی جن میں 13 بیرونِ ملک ٹیمیں بھی شامل ہیں ۔ اس موقعہ پر پریا سیٹھی نے کہا کہ جموں کشمیر نہ صرف متنوع ثقافتوں بلکہ بے پناہ قدرتی حسن سے مالا مال ہے ۔ انہوں نے کہا محکمہ سیاحت ریاست کی سیاحت پر بیرونِ ملک سیاحوں کو راغب کرنے کیلئے مستقبل میں بھی اس موعیت کی تقاریب کا اہتمام کرے گا ۔ انہوں نے کہا کہ سفری ایڈوائیزری کے باوجود بیرونِ ملک ٹیموں کا اس بین الاقوامی مقابلے میں شرکت کرنا کافی حوصلہ افزا ہے اور اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ جموں کشمیر سفر اور سیاحت کیلئے ایک محفوظ ریاست ہے ۔ کمشنر سیکرٹری سیاحت ایم ایچ ملک نے بیرونِ ملک ٹیموں کو اس مقابلے کیلئے کشمیر اور لداخ کو منتخب کرنے کیلئے سراہا ۔ انہوں نے کہا کہ ریاست متنوع سیاحتی دلچسپیوں کا مرکز ہے ۔ اس موقعہ پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے چئیر مین جموں و کشمیر بنک نے کہا کہ بنک اپنے کردار سے بخابی واقف ہے اور ریاست میں اقتصادی سرگرمیوں کو فروغ دینے کیلئے ہر وقت پیش پیش رہا ہے ۔ انہوں نے کہا بنک کا مقصد سیاحت میں انٹر پرنیور شپ کو فروغ دینا ہے ۔چیئرمین جے کے بنک نے کہاکہ آپ کو یہاں کئی کہانیاں چھوئیں گی اور اس دوران آپ کو کئی یادگار لمحات سے گذرنا پڑے گا اور مجھے امید ہے کہ یہاں کی اچھی کہانیاں لے کر آپ اپنے ملکوں کو جائیں گے ۔ ناظمِ سیاحت کشمیر نے کہا کہ بیرونِ ملک سیاحوں کی آمد میں اگرچہ کمی واقع ہوئی ہے تا ہم اس نوعیت کے کھیل مقابلوں سے دُنیا بھر میں سیاحوں کا کشمیر سے متعلق منفی تصور مٹانا آسان ہو گا ۔ انہوں نے کہا کہ کشمیر کی سیاحت کی سب سے بڑی کمزوری منفی تشہیر ہے تا ہم اس قسم کی مہم جو سیاحتی سرگرمیوں سے سیاحوں کی وادی آمد میں اضافہ ہو گا ۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ کشمیر پر منفی سفری ایڈوائیزری کو ہٹانے کیلئے کوشاں ہے ۔ انہوں نے کہا کہ کشمیر اور لداخ میں ہمالیہ کے بہترین ٹریکس ہیں اور اس کے ساتھ ہی مہم جو سرگرمیوں بشمول پیرا گلائیڈنگ ، سیکنگ ، ٹریکنگ ، وائیٹ واٹر ریفٹنگ ، سائیکلنگ ، راک کلایمبنگ کا بھی انعقاد کیا جاتا ہے اور مہم جو شایقین ان سرگرمیوں میں شرکت کر رہے ہیں ۔ کائینیٹنگ ایونٹ کے مالکان اور مہم کے منعقدین سٹیفن ملے اور ہیدی ملے نے کہا کہ اگرچہ کئی ملکوں نے کشمیر کے سفر سے متعلق ایڈوائیزریز جاری کی ہیں تا ہم انہیں یہاں کچھ بھی غلط نظر نہ آیا ۔ پہلے دن یعنی آج ٹیموں نے شنکرا آچاریہ مندر سے نہرو پارک گھاٹ تک ڈواؤن ہل دوڑ لگائی جہاں وہ ایس کے آئی سی سی تک شکاروںکو چلاتے ہوئے آئے ۔ آج شام ٹیمیں سونہ مرگ جائیں گی جہاں وہ لداخ کی جانب روانہ ہونے سے پہلے ہائیکنگ سرگرمیوں میں شرکت کریں گی ۔