ڈوڈہ// پر اسرار طور خواتین کے سر کے بال کٹنے کا سلسلہ ضلع ڈوڈہ میں تیز ہوتا جا رہا ہے اور یکے بعد دیگرے ایسے واقعات سے ضلع بھر بلکہ پورے چناب خطہ میں خوف و ہراس کی فضا پیدا ہو گئی ہے۔ آئے روز ایسے پر اسرار واقعات پیش آ رہے ہیں جس وجہ سے خواتین اپنے گھروں میں بھی ڈر لگ رہا ہے۔ابھی تک بھدرواہ میں چار اوربھرت بگلہ میں ایک واقعہ پیش آیا ہے جب کہ بدھ کے روز چرالہ اور عسر کے نزدیک کنڈیری نالہ میں ایسے ہی تین الگ الگ واقعات پیش آئے ہیں۔ذرائع کے مطابق بدھ کی صبح چرالہ علاقہ کے شرمنٹو گاؤں سے تعلق رکھنے والی رنکو دیوی زوجہ بپن سنگھ اپنے گھر میں کسی کام میں مصروف تھی کہ اچانک اْس کی چوٹی کٹ گئی جس کے بعد وہ بیہوش ہو گئی۔دوسرا واقعہ کنڈیری نالہ عسّر کے کے نزدیک گڑھتر گاؤں میں دوپہر بارہ بجے کے قریب پیش آیا جس میں گھریلو کام کاج میں مصروف منجو دیوی زوجہ کاشی لال کے سر کی چوٹی اچانک کٹ گئی اور وہ بیہوش ہو گئی۔تیسرا واقعہ بھی عسرتحصیل میں ہی پیش آیا جہاں کٹھیاڑہ گاؤں سے تعلق رکھنے والی پاپڑو دیوی دختر سورم سنگھ کو لوگوں نے اس حالت میں پایا کہ وہ بیہوش تھی اور اْس کی کٹی ہوئی چوٹی زمین پر تھی۔ان واقعات کی خبر سنتے ہی مقامی لوگ جب متاثرہ خواتین کے گھر پہنچے تو اْنہوں نے خواتین کے کٹے ہوئے بال زمین پر پڑے ہوئے دیکھے اور خواتین کو بیہوشی کی حالت میں پایااور اْنہیں نزدیکی اسپتال منتقل کیا۔گذشتہ ایک ہفتہ سے پیش آ رہے ان واقعات سے خواتین میں ڈر و خوف کی کیفیت پائی جاتی ہے جب کہ مرد حضرات حیران و پریشان ہیں کہ یہ کیا ماجرا ہے۔پولیس ابھی اس معمے کو حل نہیں کر پائی ہے جب کہ لوگ اس سلسلہ میں طرح طرح کی قیاس آرائیاں کر رہے ہیں۔کچھ لوگ ان واقعات کو جنات یا بھوت پریت سے جوڑتے ہیں اور کچھ لوگوں کا کہنا ہے کہ ان واقعات کے پیچھے کوئی گہری سازش کارفرما ہے۔یہ بھی کہا جا رہا ہے کہ ڈاکٹروں نے اسے ہسٹریا(اختناق)کی ایک قسم قرار دیا ہے۔