سرینگر//وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی نے وادی میں پیلٹ سے زخمی ہوئے افراد میں مالی امداد تقسیم کی۔یہ قدم اُن دیگر اقدامات کا ایک حصہ ہے جن کے تحت ایسے متاثرین کی بحالی کی کوششیں ریاستی حکومت کر رہی ہے۔ یہ17 افراد گذشتہ برس کے نامساعد حالات کے دوران آنکھوں کی بصارت سے محروم ہوگئے تھے۔یہ امر قابل ذکر ہے کہ قریب ڈیڑھ ماہ قبل وزیر اعلیٰ نے پیلٹ سے سب سے زیادہ متاثر ہونے والے نوجوانوں کو اپنی رہائش گاہ پر بلایا تھا اور وہاں انکے ساتھ بات چیت کی تھی۔ تب انشاء مشتاق بھی آئی تھیں۔ اسکے بعد سی ایم آفس کو ہدایت دی گئی تھی کہ فوری طور مالی امداد کے مستحقین کی ایک لسٹ مرتب کی جائے جنہیں وزیر اعلیٰ کے تابع رکھے گئے سرکاری فنڈ سے مالی امداد دی جاسکے۔معلوم ہوا ہے کہ جمعرات کو17 پیلٹ متاثرین کو وزیر اعلیٰ کی رہائش گاہ پر بلایا گیا جہاں ان کی مالی معاونت کی گئی۔