جموں //چیف سیکرٹری بی بی ویاس نے آج یہاں منعقدہ ایک میٹنگ میں ماتا ویشنو دیوی ٹریک پر مرکبانوں کی بحالی کے سلسلے میں اُٹھائے جارہے اقدامات کا جائزہ لیا۔حکومت نے نیشنل گرین ٹربیونل کی طرف سے ماحولیات کے تحفظ کے سلسلے میں رہنما خطوط جاری کرنے کی روشنی میںمرکبانوں کی باز آباد کاری کا فیصلہ لیا ہے۔ڈویثرنل کمشنر جموں، ڈائریکٹر اربن لوکل باڈیز جموں، ڈائریکٹر انیمل ہسبنڈری، ایڈیشنل سی ای او ماتا ویشنو دیوی شرائین بورڈ،جوائنٹ ڈائریکٹر انفارمیشن اور دیگر متعلقہ افسران میٹنگ میں موجود تھے۔چیف سیکرٹری نے پشو پالن محکمہ کو ہدایت دی کہ وہ ایسے مرکبانوں کو روز گار کے مواقعے فراہم کرنے کے لئے انہیں دودھ دینے والے جانور فراہم کرنے کے لئے ایک جامع منصوبہ مرتب کرے۔چیف سیکرٹری نے محکمہ کو یہ بھی ہدایت دی کہ وہ بہبودی سکیموں کی فہرست پیش کرے۔میٹنگ کو بتایا گیا کہ محکمہ کٹرہ میں مرکبانوں کے جانوروں کی طبی نگہداشت کے سلسلے میں ایک ویٹرنری ہسپتال تعمیر کرے گا۔چیف سیکرٹری نے اربن لوکل باڈیز کو ہدایت دی کہ وہ خچروں کے لئے شیڈ تعمیر کریں اور نیشنل اربن لائیولی ہُد مشن کے تحت خچر مالکان کے لئے تربیتی پروگرام کا انعقادکریں تا کہ وہ آسانی سے اپنا روز گار کماسکیں۔