سرینگر//وزیراعلیٰ محبوبہ مفتی نے تاجر انجمنوں کو ریاست میں صنعت کی بنیادوں کو مزید مستحکم بنانے کے لئے کوشاں رہنے کی تلقین کی ہے۔ کشمیر چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے نئے عہدیداروں کے ایک وفد کے ساتھ تبادلہ خیال کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ نے کہا کہ ان کی حکومت تجارت، صنعت، محنت اور اقتصادیات کے دیگر شعبوں میں اصلاحات یقینی بنانے کے لئے اقدامات اُٹھارہی ہے تا کہ ریاست میں تجارتی سرگرمیوں کے لئے مزید سہولیات دستیاب کی جاسکیں۔انہوں نے وفد کو ریاست میں تجارتی سرگرمیوں میں مزید آسانی پیدا کرنے کے لئے حکومت کو اپنی آراء پیش کرنے کے لئے کہا۔وزیر برائے خزانہ ڈاکٹر حسیب درابو بھی اس موقعہ پر موجود تھے۔ کے سی سی آئی کے نئے عہدیدارن کو اپنے عہدے سنبھالنے پر مبارک باد پیش کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ نے اُمید ظاہر کی کہ نئی ٹیم ریاست کے سب سے پُرانے صنعتی پلیٹ فارم کو مزید متحرک کر کے اسے ریاست میں صنعتوں کے فروغ کے لئے فعال بنائیں گے۔وفد نے وزیر اعلیٰ کو تجارتی انجمن کی جنرل میٹنگ میں شمولیت کرنے کی دعوت دی۔ انہوں نے آنے والے سرما کے دوران سیاحوں کی ریاست آمد میں اضافہ کرنے کے لئے اقدامات اُٹھانے اور اخروٹ کی تجارت اور شال بیچنے والوں کے لئے ٹیکسوں میں چھوٹ کی مانگ پر عمل درآمد کرنے کے لئے بھی شکریہ کا اظہار کیا۔وفد نے جی ایس ٹی کے بارے میں جانکاری عام کرنے، ریٹرنس داخل کرنے سے متعلق تاجر طبقہ میں جانکاری عام کرنے کی بھی مانگ کی۔ انہوں نے سرینگر میں چیمبر ہاؤس تعمیر کرنے میں بھی حکومت سے تعاون طلب کیا۔وفد جاوید احمد ٹینگا صدر کے سی سی آئی اور انجمن کے نائب صدور نذیر احمد خان اور فیاض احمد پنجابی، جنرل سیکرٹری ڈاکٹر غزالہ امین اور انجمن کے ارکان پرویز نقاش، آصف صدیق ، شیخ عاشق احمد، سید مسعود شاہ، شیخ گوہر علی، شیخ ظہور احمد اور دیگر ارکان پر مشتمل تھا۔