لاہور/ فاف ڈوپلیسی پاکستانی مہمان نوازی کے گرویدہ ہوگئے۔ورلڈ الیون کے کپتان فاف ڈوپلیسی نے کہاکہ پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ کی بحالی کیلیے ہم کچھ کرنا چاہتے تھے،اس لیے سیریز کھیلنے کیلئے آئے، میچز کا کامیاب انعقاد پاکستان کرکٹ کیلیے اچھا ہے،ایک سخت جان حریف کیخلاف کھیلنا شاندار تجربہ تھا، انھوں نے کہا کہ گرین شرٹس ہر شعبے میں بہتری کی جانب گامزن ہیں، شائقین کی بے پناہ محبت اور سپورٹ نے دل موہ لیے، پاکستان میں شاندار میزبانی ہمیشہ یاد رہے گی۔میزبان کپتان سرفراز احمد نے کہا کہ ورلڈ الیون کا پاکستان آمد پر جتنا شکریہ ادا کیا جائے کم ہے.
قومی ٹیم کی فٹنس کافی بہتر ہوئی ہے، ٹرینرز اور کوچز نے اس حوالے سے کافی محنت کی، دوسرے میچ میں اچھا پرفارم نہیں کر پائے لیکن خوشی ہے کہ سیریز کا فتح کے ساتھ اختتام کرنے میں کامیاب ہوئے،انھوں نے کہا کہ نوجوان کرکٹرز کو ٹیم میں بھرپور مواقع دیے جائیں گے، سیریز کے کامیاب انعقاد پر سکیورٹی فورسز، پی سی بی اور آئی سی سی مبارکباد کی مستحق ہے۔مین آف دی میچ احمد شہزاد نے کہا کہ ٹیم کی ضرورت کے مطابق کھیلنے کی کوشش میں رہا، اچھی شراکتوں کی بدولت بڑا اسکور کرنے میں کامیاب رہے، ٹیم میں کم بیک کیلئے سخت محنت کی، مشکل وقت میں کوچنگ اسٹاف اور ٹرینرز نے بھرپور ساتھ دیا، متعدد انٹرنیشنل کرکٹرز سے بات ہوئی اور وہ دوبارہ پاکستان آنے پرآمادہ ہیں۔