دہلی//دہلی کی ایک عدالت نے سنگبازی کے الزام میں گرفتار فوٹو جرنلسٹ کامران یوسف اور ایک نوجوان جاوید احمد کی حراستی ریمانڈ میں19ستمبر تک توسیع کردی ۔ این آئی اے کے ہاتھوں سنگبازی کے الزام میں گرفتار فوٹو جرنلسٹ کامران یوسف اور ایک اور نوجوان جاوید احمد کو ہفتہ کے روز دہلی کی ایک عدالت میں پیش کیا گیا۔دورانِ سماعت عدالت نے دونوں گرفتار نوجوانوں کی حراستی ریمانڈ میں4روز کیلئے توسیع کردی ۔فوٹو جرنلسٹ کامران یوسف کو4ستمبر کو پولیس نے حراست میں لیا تھا اور اگلے روز این آئی اے کو سونپ دیا تھا ۔دونوں کو دہلی ایک عدالت میں بعد ازاں پیش کیا گیا ،جہاں این آئی اے انکی ریمانڈ16ستمبر تک حاصل کی تھی ۔دونوں نوجوانوں کو سنگبازی کے الزام میں گرفتار کیا گیا تھا ۔فوٹو جرنلسٹ کی گرفتاری کے معاملے کا سنجیدہ نوٹس لیتے ہوئے پریس کونسل آف انڈیا نے ایک نوٹس کے ذریعے انتظامیہ کو اس حوالے سے وجہ بتانے کیلئے کہا تھا۔فوٹو جرنلسٹ کی گرفتاری پر وادی کی صحافتی برادری نے بھی اپنی برہمی کا اظہار کرتے ہوئے اُنکی فوری طور پر رہا ئی کی مانگ کی تھی جبکہ احتجاج بھی کیا گیا تھا ۔