سرینگر//مسلم دینی محاذ کے ترجمان نے تنظیم کے محبوس چیئرمین ڈاکٹر محمد قاسم کے حوالے سے جاری بیان میں کہا ہے کہ اگلے سال (2018) میں کشمیر کی غلامی کے دو سو سال مکمل ہونے جارہے ہیں۔ بیان کے مطابق1818ء میں جموں کشمیر میں مسلم حکمرانوں کا 480 سالہ (1818 ء۔1339ء ) دور ختم ہو گیا اور سکھوں کی حکومت کشمیر میں قائم ہوگئی۔ سکھوں نے27سال(1846ء۔1818ء ) تک مظالم ڈھائے پھر جموں کے ڈوگرہ حکمرانوں نے 100 سال(1947 ء۔1846ء )تک ان مظالم کا سلسلہ جاری رکھا اور اب پچھلے70 سال (2017ء۔1947ء ) سے ہم پر بھارت کے حکمران مظالم ڈھارہے ہیں۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ غور طلب بات یہ ہے کہ آخر کیا وجہ ہے کہ ہماری غلامی کا سلسلہ طویل ہو رہا ہے ؟ ہم نے بے حساب قربانیاں دیں مگر آج تک ہم کو غلامی سے خلاصی نہیں مل سکی۔ہمیں اپنا احتساب کرنا چاہیے آخر اﷲتعالیٰ کی مدد اور نصرت ہمیں کیوں حاصل نہیں ہورہی ہے؟