سرینگر//ڈاون ٹاون سول سوسائٹی کے زیراہتمام ایک اجلاس میں سماج میں موجود بدعات اور شادی بیاہ کے موقعے پر بڑھ رہے بے جا اسراف پر سخت تشویش کا اظہار کیا گیا۔اتوار کو سرینگر میں امتیاز چستی کی قیادت میں بلائی گئی پہلی نشست میں سماج کے سبھی ذی اثر شخصیات کو ان بے جا رسومات کا قلع قمع کرنے کی استدعا کرتے ہوئے انہیں تعاون کرنے کی اپیل کی گئی اور اس بات کا فیصلہ لیا گیا کہ فورم میں وسعت پیدا کرکے سماج کے دیگر بااثر شخصیات کو مدعو کرکے ان کا تعاون حاصل کیا جائے گا۔اس موقع پر موجود لوگوں نے اپنے خیالات اور آراء کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ شادی بیاہ ایک مقدس فریضہ ہے البتہ نت نئی رسومات اور بے جا صرفہ کی وجہ سے غریب گھرانوں کے لئے کئی مشکلات کھڑی ہورہی ہیں جس کی وجہ سے جہاں بڑی عمر میں شادی کا چلن چل چکا ہے وہی بے راہ روی نے بھی اپنا سر ابھارا ہے،کئی لوگ قرضہ لے کر اس فریضے کو ادا کررہے ہیں اور کئی ایسے بھی ہیں جنہیں اس مشکل کو حل کرنے کے لئے کوئی راہ نہیں دکھائی دے رہی ہے۔شرکاء اجلاس نے وازوان، دعوت کے اہتمام کے دوران مہمانوں کی تواضع،دعوتی خطوط ارسال کرنے اور تقسیم کے دوران نقدی کا اہتمام کرنے ،محفل موسیقی کے انعقاد کے دوران لاوڈ اسپیکر کے استعمال ،بے ہنگم طریقے پر پٹاخوں کا استعمال ،غیر ضروری چراغاں وغیرہ پر بحث کے دوران اس بات کا فیصلہ کیا کہ چونکہ یہ سبھیsocial evilکے دائرے میں آتے ہیں اس لئے مذہب اور فرقے کی تمیز کئے بغیرسماج کے سبھی ذمہ داراں سے اپنا کرادار ادا کرنے کی استدعا کے ساتھ ساتھ ان سے تعاون طلب کیا جائے گا اور اس سلسلے میں لایحہ عمل طے کرنے کیلئے مستقبل میں اجلاس بلائے جائیں گے۔