سرینگر //تحریک حریت نے کہا ہے کہ کشمیر کے دیرینہ متنازعہ مسئلہ کو بات چیت کے ذریعے حل کئے جانے کی وقت کی اہم ترین ضرورت ہے، تاکہ انسانی جانوں کو تلف ہونے سے بچایا جاسکے۔ اس دوران انہوں نے آزادی پسند قائدین اور کارکنان کی طویل گرفتاریوں اور انسانی حقوق کی بدترین پامالیوں کی شدید الفاظ میں کرتے ہوئے تمام سیاسی نظربندوں کی رہائی کا مطالبہ کیا۔تحریک حریت ضلع سرینگر کا ایک روزہ تربیتی اجتماع برزلہ میں صدرِ ضلع سرینگر کی صدارت میں منعقد ہوا۔ اجتماع میں ضلعی اور تحصیلی ذمہ داروں کے علاوہ ضلع سے تعلق رکھنے والے ارکان نے شرکت کی۔تحریک حریت ضلع سرینگر کے ایک پریس بیان کے مطابق تربیتی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے صدرِ ضلع نے اراکین پر زور دیا کہ وہ اپنے سیرت وکردار کو بہتر بنائیں، کیونکہ آج کل معاشرے میں بہت بگاڑ ہے۔ انہوں نے کہا تحریک حریت اسلام، آزادی اور اتحاد ملّت کی داعی ہے۔ عوام کو اسلام کے نظامِ رحمت سے روشناس کرانا ہماری بنیادی ذمہ داری ہے اور سب سے پہلے ہمیں اپنے اندر اسلامی کردار پیدا کرنا ہے۔ انہوں نے ریاست جموں کشمیر کی موجودہ صورتحال پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ حالات انتہائی گھمبیر ہیں۔ انسانی خون پانی کی طرح بہہ رہا ہے۔ عوام کا سکون وچین غات ہوچکا ہے اور اس کی وجہ سے جموں کشمیر کے متنازعہ مسئلے کا حل نہ ہونا ہے۔ یہ مسئلہ آگ کی چنگاری بن چکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس دیرینہ متنازعہ مسئلہ کو بات چیت کے ذریعے حل کئے جانے کی وقت کی اہم ترین ضرورت ہے، تاکہ انسانی جانوں کو تلف ہونے سے بچایا جاسکتا ہے