بانہال //ہائیر سکینڈری سکول مہو تحصیل کھڑی ضلع رام بن میں یوم اساتذہ کی تقریب بڑے دھوم دھام اور جوش و خروش سے منائی گئی جس میں ایک تعلیمی میلے کا بھی انعقاد کیا گیا۔ اس موقع پر ہائیر سیکنڈری سکول مہو کی انتظامیہ کے علاوہ سکولی بچوں اور ان کے والدین کثیر تعداد میں موجود تھے۔ تقریب میں اسی ہفتے بورڈ امتحانات کے کلاسوں کیلئے لئے گئے پری بورڈ ٹیسٹ کے رپورٹ کارڈ بچوں کے ہاتھوں میں ان کے والدین کی موجودگی میں تھمائے گئے اور والدین سے کہا گیا کہ وہ اپنے اپنے بچے کو لیکر پہلے سے ہی مخصوص جگہوں پر بٹھائے گے اساتذہ کے پاس لے جائیں اور ان سے اپنے اپنے بچوں کی کار کردگی کے بارے میں تفصیلی معلومات حاصل کریں۔ اگرچہ کئی متعلقہ اساتذہ کیلئے سکول میں ہی جوابدہی کا یہ عمل گراں تھا تاہم انہوں نے بخوشی بچوں کی بہتر اور خراب کارکردگی کا چیلنج قبول کرتے ہوئے مزید محنت اور لگن سے کام کرنے کی یقین دھانی کرائی۔ اس موقع مہو اور اس کے اطراف سے ہائیر سیکنڈری سکول میں پہنچے والدین نے اپنی خوشی کا اظہار کیااور اساتذہ کی طرف سے اس دور افتادہ علاقے میں بچوں کی بہترین تعلیم وتربیت کیلئے پورے سٹاف کا شکریہ ادا کیا۔ پرو گرام کے آخر پر پرنسپل سریندر موہن نے اپنے خطبہ میں والدین سے کہا کہ’ ہم نے صاف وشفاف رزلٹ تیار کر کے محض اسی لئے آپ کے سامنے رکھے تاکہ آپ اپنے بچوں کی حقیقت جان جائیں تاکہ ووہ آئندہ اس بارے میں محتاط رہیں اور اپنی تمام تر توجہ اپنی تعلیم پر مرکوز کریں۔ انہوں نے والدین سے اپیل کی کہ وہ اپنے بچوں کو سالانہ بورڈ امتحانات کیلئے تیار کرنے میں ہر ممکن مدد بہم رکھیں تاکہ وہ بھی ملک اور قوم کا نام روشن کر سکیں۔ اس موقع پر والدین کی طرف سے محمد شعبان نے پرنسپل موصوف کو اس انوکھے تعلیمی میلہ کی کامیابی پر مبارکباد پیش کی۔اس موقع پر پری بورڈ ٹسٹ میں اچھی کارکردگی دکھانے والے بچوں مین انعامات تقسیم کے گے جس کا خرچہ سکول کے اساتذہ نے برداشت کیا۔اس موقع پر سینئر لیکچرار مشتاق احمدنے عوام کو تعلیمی ماحول پیدا کرنے کی ضرورت پر زور دیا اور انہیں محنت اور لگن سے آگے بڑھنے کی تلقین کی۔ اس پروگرام کو کامیاب بنانے میں جن اساتذہ نے اہم کردار ادا کیا ان میں پرویزاحمد خان لیکچرار، محمد ہارون ، سجاداحمد ، ارجمند ، گلزاراحمد ، بشارت احمد، شبیراحمد بٹ اور مولوی غلام محمد قابل ذکر ہیں۔ دن بھر جاری رہنے والے اس پروگرام میں نظامت کے فرائض ارشاد علی نائیک لیکچرار عربی نے انجام دیئے۔