آلوسہ بانڈی پورہ کے شہری کی گرفتاری پر تحریک حریت سیخ پا
سرینگر//تحریک حریت نے آلوسہ بانڈی پورہ کے عبدالحمید ڈار کو گرفتار کرنے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہموصوف ایک سیاسی کارکن ہے اور کسی غیر قانونی سرگرمی میں ملوث نہیں رہا ہے، مگر پولیس نے عمر اور سیاسی وابستگی کا لحاظ رکھے بغیر موصوف کے ساتھ مجرموں جیسا سلوک کیا اور لواحقین کے مطابق موصوف کو کل فوج نے سنگری کے مقام پر گرفتار کرکے پولیس اسٹیشن کے حوالے کیا، جہاں پر پولیس نے موصوف کو جسمانی ٹارچر کرکے تشدد کا نشانہ بنایا۔ تحریک حریت نے موصوف کو جسمانی ٹارچر کرنے کی پولیس کارروائی کی زبردست مذمت کرتے ہوئے کہا کہ پولیس کا یہ رویہ انتہائی افسوسناک ہے۔
درسی کتابوں کی پانچ روزہ ورکشاپ کا افتتاح
سرینگر//ڈائریکٹر سکول ایجوکیشن کشمیر جی این اتو نے درسی کتابوں اور محکمہ تعلیم میں کریکولیم کو اپ گریڈ کرنے کے سلسلے میں منعقدہ پانچ روزہ ورکشاپ کا افتتاح کیا۔ورکشاپ کے انعقا د کا مقصد سلیبس اور سکولوں میں جاری کورسوں کا جائیزہ لینا تھا تا کہ عالمی سطح پر تعلیمی ضروریات کے عین مطابق ریاست کے بچوں کو تعلیمی سہولیات میسر ہوں۔افتتاحی تقریب پر سبجیکٹ ایکسپرٹس اور محکمہ تعلیم کے افسروں کی بڑی تعداد میں حصہ لیا۔ڈائریکٹر اکیڈیمکس جے کے بوس ڈاکٹر فاروق احمد پیر اور جوائنٹ ڈائریکٹر ٹریننگ محبوب حُسین بھی اس موقعہ پر موجود تھے۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے جی این اتو نے سلیبس اور درسی کتابوں کے معیار میں بہتری لانے پر زور دیا تا کہ ہم21 ویں صدی کے عالمی تعلیمی منظر نامے کی توقعات پر کھرا اُتر سکیں۔انہوں نے کہا کہ اس طرح کی ورکشاپ کے سلسلے میں ایک کلینڈر ترتیب دیا جانا چاہئے جس سے ماہرین اور طُلباءکو تعلیمی معاملات حل کرنے میں سہولیت پیدا ہو۔پرنسپل ایس آئی ای کشمیر نے اس موقعہ پر کہا کہ یہ اپنی نوعیت کی پہلی ورکشاپ ہے جو پرائمری اور اپر پرائمری سطح کے سلیبس اور ٹیکسٹ بُکس کی اپ گریڈیشن میں معاون ثابت ہوگا۔
سمبل منیگام میں ریچھ کا حملہ،خاتون زخمی
ارشاد احمد
گاندربل//سمبل منیگام بائی پاس وندہامہ کے مقام پر ریچھ کے حملے میں 55 سالہ خاتون شدید زخمی ہوئی ہے ۔تفصیلات کے مطابق وندہامہ کے مقام پر سمبل منیگام بائی پاس کے قریب 55 سالہ سلیمہ بانو زوجہ عبدالرشید بٹ ساکنہ بارسو گاندربل ریچھ نے اس وقت حملہ کردیا جب مذکورہ خاتون کھیت سے واپس گھر کی جانب جارہئی تھی۔شور و غل مچانے پر مقامی لوگوں نے خاتون کو ریچھ سے چھڑایا جو کہ ریچھ کے حملے میں شدید زخمی ہوگئی تھی۔زخمی خاتون کو ڈسٹرکٹ ہسپتال گاندربل لے جایا گیا جہاں سے اسے میڈیکل انسٹیچوٹ صورہ منتقل کردیا گیاادھر مقامی لوگوں نے محکمہ وائلڈ لایف کے خلاف زبردست مظاہرے کرتے ہوئے محکمہ پر الزام عائد کیا کہ انسانی جانوں پر جنگلی جانوروں کے حملہ روکنے میں ناکام رہے ہیں ۔
محکموں کیلئے مختص رقوم وقت پر صرف کی جائیں
متعلقہ سیکریٹریوں پر چیف سیکریٹری کا زور
سرینگر//چیف سیکرٹری بی بی ویاس نے انتظامی سیکرٹریوں سے کہا ہے کہ وہ جو رقومات انہوں نے متعلقہ محکموں کے حق میں واگذار کی ہیں وہ وقت پر خرچ کی جائیں۔سیکرٹریوں کی کمیٹی کی میٹنگ کی صدارت کرتے ہوئے چیف سیکرٹری نے انتظامی سیکرٹریوں پر زور دیا کہ وہ قبل از وقت رقومات کی واگذاری کا فائدہ اُٹھائیں او مختلف سکیموں کی موثر عمل آوری کے سلسلے میں یوٹیلائزیشن سرٹیفکیٹ پیش کریں۔چیف سیکرٹری نے اس موقعہ پر مختلف کاموں پر جاری عمل آوری کا جائزہ لیا اور سیکرٹریوں کو ہدایت دی کہ وہ وزیر اعلیٰ کی ہدایات پر عمل کرتے ہوئے پلاننگ ڈیولپمنٹ اینڈ مونیٹرنگ ڈیپارٹمنٹ کو عمل آوری کی رپورٹ پیش کریں۔چیف سیکرٹری نے مختلف محکموں کی طرف سے سینی ٹیشن مہم خاص طور پر محکمہ تعلیم کی طرف سے سوچھتا ہی سیوا کی مہم کے تحت اقدامات کی سراہنا کی۔انہوں نے عوامی شکایات کے ازالے، ایس آر او43 کیسوں کے نپٹارے، ایڈہاک/ کنٹریکچول ملازمین کے معاملات و دیگر معاملوں پر جاری عمل آوری کا بھی جائیزہ لیا۔