سرینگر//مرکزی وزارت برائے ترقی انسانی وسائل کے سیکرٹری انل سروپ کل یہاں وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی سے ملے۔ سروپ جو ریاست کے دورے پر ہیں، نے وزیر اعلیٰ کو جموں وکشمیر میں تعلیمی شعبۂ کو مزید مستحکم بنانے کے لئے اُن کی وزارت کی جانب سے اُٹھائے گئے اقدامات کے بارے میں تفصیل دی۔وزیر اعلیٰ نے مرکزی سیکرٹری پر ریاست میں تعلیمی نظام کو مزید مستحکم بنانے کے لئے ایک منظم طریقہ کار اپنانے کے لئے کہا۔انہوں نے مزید تکنیکی نگرانی ،اختراعی اور دیگر تعاون مرکز سے طلب کیا تا کہ ریاست میں سکولی تعلیم کا معیار مزید بہتر بنایا جاسکے۔دوران میٹنگ ریاست میں ایس ایس اے،مڈ ڈے میل سکیم، سکولوں کے بنیادی ڈھانچے کو مستحکم بنانے اور تعلیمی شعبۂ سے وابستہ دیگر معاملات پر غور وخوض ہوا۔وزیر تعلیم سید الطاف بخاری، چیف سیکرٹری بی بی ویاس، وزیر اعلیٰ کے پرنسپل سیکرٹری روہت کنسل اور سیکرٹری محکمہ تعلیم فاروق احمد شاہ اس موقعہ پر موجود تھے۔اس دوران انیل سروپ نے راج بھون میں گورنر این این ووہرا سے ملاقات کی۔سروپ نے گورنر کو سکول ایجوکیشن میں ترقی اور ملک میںتعلیم کے پھیلائو کے بارے میںایم ایچ آر ڈی کی طرف سے اٹھائے گئے اقدامات سے واقفیت دلائی۔