سرینگر// مخلوط سرکار اور بھاجپا وزراء کی کارکردگی کا جائزہ لینے کیلئے آج یعنی جمعرات کو بھاجپا کے مرکزی لیڈر رام مادھو سرینگر وارد ہونگے ۔ بتایا جاتا ہے کہ ریاستی بھاجپا کے کچھ سینئر لیڈران مخلوط سرکار میں شامل اپنی پارٹی سے وابستہ کچھ وزراء کی کارکردگی سے خوش نہیں ہیں اور انہوں نے اس حوالے سے پارٹی کے سینئر لیڈر اور مرکزی وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ کے سامنے گزشتہ ہفتہ جموں میں باضابطہ شکایت بھی درج کی ۔ بتایا جاتا ہے کہ جموں چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے ایک وفد نے جب گزشتہ دنوں جموں میں راج ناتھ سنگھ کے ساتھ ملاقات کی تو انہوں نے مرکزی وزیر داخلہ کو بتایا کہ مخلوط سرکار کے دور میں بھی جموں کے ساتھ علاقائی بنیادوں پر تفریق برتی جارہی ہے جبکہ وفد کے بقول مخلوط سرکار میں شامل بی جے پی سے وابستہ کچھ سینئر اور جونئیر وزراء کی کارکردگی بھی تسلی بخش نہیں رہی ہے ۔