سرینگر/ /ڈیپارٹمنٹ آف سکول ایجوکیشن اینڈ لٹریسی کے مرکزی سیکرٹری انیل سروپ نے بدھ کو مختلف سرکاری سکولوں میں جا کر تعلیمی ماحول کا جائزہ لینے کے لئے طلباء کے ساتھ تبادلہ خیال کیا۔گورنمنٹ ہائیر سکینڈری سکول کوٹھی باغ سرینگر میں انٹرایکٹیو سیشن کا اہتمام کیا گیا جس میں دیگر سکولوں کے طلباء نے ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے حصہ لیا۔ طلباء سیکرٹری کے ساتھ بات چیت کے دوران اُن کے تجربات سے مستفید ہوئے۔طلباء نے سیکرٹری سے کہا کہ آڈیو ویجول فیسلٹی پڑھائی کے معاملے میں بہت دلچسپ اور اہم طریقہ ثابت ہوا ہے۔سیکرٹری نے اس موقعہ پر کہا کہ حکومت تعلیم کو عام کرنے کیلئے سہولیات میں اضافہ کرنے کیلئے وعدہ بند ہیں ۔انہوںنے یقین دلایا کہ ریاست میں آئی سی ٹی لیبارٹریوں کے معیار کو بڑھایا جائے گااور بچوں کی سہولیات میں اضافہ کیا جائے گا۔سیکرٹری کے ہمراہ سیکرٹری سکول ایجوکیشن ، ڈائریکٹر سکول ایجوکیشن کشمیر / جموں ، ڈائریکٹر رمسا ، ڈائریکٹر ایس ایس اے و دیگر سینئر افسران تھے۔