بٹوت//جموں سرینگر قومی شاہراہ پر گذشتہ شب نامعلوم حالات میں قصبہ بٹوت کے مضافات میںواقع گائوں امر چشمہ سکونتی کے 25 سالہ ٹرک ڈرائیورسرتاج احمد ولد شبیر احمد ملک کی مشکوک حالا ت موت واقع ہو گئی ۔نوجوان ڈرائیور کی مشکوک حالات میں ہوئی موت کی خبر پھیلتے ہی قصبہ بٹوت و گردنواح کے علاقاجات کے عوام میں غم وغصے کی لہر دوڑ گئی غصے میں آئے لوگوں نے اکھٹے ہو کر بھدروا موڑچوک بٹوت کے مقام پر دھرنہ دیکر احتجاج کیا۔ اس موقع پر مظاہرین میں شامل لقمہء اجل بنے مرحوم ڈرائیور کے والد نے کشمیر اعظمیٰ سے بات کرتے ہوے اپنے بیٹے کی مشکوک حالات میں ہوئی موت کو قتل قرار دیا۔ انہوں نے بتایا کہ میرابیٹا بطور ٹرک ڈرائیور اپنے ٹرک کو لیکر جموں سے کشمیر جاتے ہوے گذشتہ رات ناشری کے مقام پرپنچا تووہاں غیر قانونی طور پیسہ وصولی کے لئے پولیس کی وردی اور سادہ کپڑوں میں سرگرم عناصر نے وصولی کی ضد میں اس کوجان سے ہی مار کر اس کی نعش کو ناشری نالے میں پُل کے نیچے پانی میں پھینک دیا اور میں نے اپنے بیٹے کی موت کو لیکر ان سارے حالات کی معلومات سے ضلع رام بن کی سیول وپولیس اعلیٰ انتظامیہ اور ڈی آئی جی رام بن ڈوڈہ کشتواڑ رینج کو آگاہ کر دیا ہے۔ لہذا ان حالات میں وہاں موقع پر موجودایڈیشنل ایس پی رام بن مشتاق چودھری نے کشمیراعظمیٰ سے اس مسئلہ پر بات کرتے ہوے کہا ہم نے مرحوم کے والدکی شکایت کو باغور سُنا ہے ہم اس حادثے کی ہر قانونی پہلو سے تحقیقات کریں گے اوراس میں ملوث ہر اس فرد کو قانون کی گرفت میںلائیں گے جو اس واقعہ میں ملوث ہوگا چاہے وہ پولیس کے ہی اہلکار کیوں نہ ہوں ۔