جموں//جمعرات کو نوراتروں کا آغاز ہو گیا ، اس دوران شہر کے تمام منادر کو خوبصورتی سے سجایا گیا ہے ۔ علی الصبح سے ہی مندروں میں شردھالوﺅں کی بھیڑ رہی اور کئی مقامات پر عقیدتمند ، جس میں خواتین کی تعداد زیادہ تھی قطاروں میں کھڑے نظر آئے۔ سب سے زیادہ رش باغ باہو کے عقب میں واقعہ مندر میں دیکھا گیا جہاں صبح 4بجے سے ہی لائنیں لگنا شروع ہو گئی تھیں۔ اس موقعہ پر شوسینا کی طرف سے چھڑی یاترا نکالی گئی جو شہر کے مختلف بازاروں سے ہوتی ہوئی کٹرہ پہنچی۔ کٹرہ میں بھی نوراتروں پر بھگتوں کی آمد کا سلسلہ پورے عروج پر ہے۔ پہلے ہی دن 35000سے بھی زائد یاتریوں نے پوتر گپھا کے درشن کئے ۔ یہ میلہ 9روز تک چلے گا اور دسہرہ کو راﺅن، کنبھ کرن اور میگھ ناتھ کے پتلے جلانے کے ساتھ ختم ہو گا۔ اس دوران جہاں مذہبی تقاریب کا اہتمام کیا جارہا ہے وہیں کٹرہ میں مختلف کلچرل ، ثقافتی اور کھیل کود مقابلے کر کے لوگوں کو زیادہ سے زیادہ اس جانب راغب کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے ۔ اسی دوران ’دوستی دنگل‘ کے نام سے بین الاقوامی سطح کا کشتی مقابلہ بھی ہوگا جس میں چند برس قبل تک پاکستانی پہلوانوں کی زبردست پذیرائی کی جاتی رہی ہے تاہم اب پاکستان کو چھوڑ دیگر کئی ممالک کے پہلوان یہاں آرہے ہیں۔ اس میلہ کا اہتمام محکمہ سیاحت کے اشتراک سے کیا جاتا ہے ۔ نوراتروں کے مدِ نظر پورے خطہ میں سخت حفاظتی انتظامات کئے گئے ہیں ۔