پونچھ //انتظامیہ نے لیٹ لطیف اور فرائض منصبی سے کوتاہی برتنے والے ملازموں پر شکنجہ کستے ہوئے 12ملازمین کو معطل کر دیا ہے جب کہ دیگر 4افسران کے خلاف تحقیقات کا حکم جاری کیا گیا ہے ۔ منڈی میں ضلع افسران کی ایک ٹیم نے بیک وقت کئی سرکاری دفتروں کا اچانک معائینہ کیا تو 14ملازم غیر حاضر پائے گئے تو فوری کارروائی کرتے ہوئے 10ملازموں کو معطل کر دیا گیا جب کہ 4افسران کے خلاف انکوائری کا حکم جاری کیا گیا ۔ دریں اثنا حکام نے پرائمری ہیلتھ سنٹرچنڈک میں بدھ کے روز غیر حاضر پائے گئے 2ملازموں کو بھی معطل کر دیا ہے ۔ ضلع انتظامیہ ذرائع کے مطابق ضلع ترقیاتی کمشنر طارق احمد زرگرکی ایما پر اے ڈی ڈی سی عبدالحمید کی قیادت میں بنائی گئی ضلع افسران کی ٹیم کے تحصیل منڈی کے مختلف دفاتر کامعائینہ کے دوران یہ ملازم بلا اجازت غیر حاضر پائے گئے تھے۔ معطل کئے گئے ملازمین میں تحصیل دفتر منڈی کے ناظر راجپال ،اردلی سلطان محمد، اردلی مختار احمد، اردلی مقبول حسین، علی اکبرہیلپر تعمیرات عامہ، عبدالاحد جونئر اسسٹنٹ محکمہ بجلی، منوج کمار ٹیکنیشن محکمہ بجلی، اصغر علی سپر فارمسسٹ، سعیدہ خانم ایم پی ڈبلیواور ریاست علی لیب ٹیکنیشن پرائمری ہیلتھ سنٹر لورن شامل ہیں۔ اس کے علاوہ غیر حاضر پائے گئے راجیو شرما اسسٹنٹ ایگزیکٹو انجینئر پی ڈی ڈی، ہرویندر سنگھ اسسٹنٹ انجینئر پی ڈبلیو ڈی، ڈاکٹر ارشد احمد پی ایچ سی لورن اور محمد اشفاق جونئر اسسٹنٹ تحصیل سوشل ویلفیئر دفتر منڈی شامل ہیں۔