پنڈت طالبات کو سکوٹیوں کے کاغذات تفویض
جموں//وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی نے یہاں وزیر اعلیٰ سکوٹی سکیم کے تحت12 کشمیری پنڈت طالبات میں اتھورائزیشن لیٹرس تقسیم کئے۔واضح رہے کہ فروری ماہ میں جگٹی ٹاو¿ن شِپ کے دورے کے دوران وزیر اعلیٰ نے پنڈت مہاجر طبقے سے تعلق رکھنے والی ذہین اور مستحق طالبات کو سکوٹیاں دینے کا وعدہ کیا تھا۔مستحق اور ذہین طالبات کی نشاندہی کے بعد15 طالبات کو اس سکیم کے لئے منتخب کیا گیا۔وزیر اعلیٰ نے12 ایسی طالبات کو اتھورائزیشن لیٹرس دیں جبکہ3 طالبات آج موجود نہیں تھیں لہذا انہیں یہ لیٹرس بعد میں دیئے جائیں گے۔
تحریک حریت کے4اراکین پیش عدالت
عازم جان
بانڈی پورہ//تحریک حریت کے ضلع صدر کے علاوہ مسلم لیگ کے محبوس چار لیڈران کو بانڈی پورہ کی ضلع عدالت میںپیش کیا گیا۔ تحریک حریت کے بانڈی پورہ ضلع کے صدر رئیس احمد میر مسلم لیگ کے محمد اسداللہ پرے خورشید احمد معراج الدین نندا شوکت احمد حکیم کو سنٹرل جیل سرینگر سے بانڈی پورہ عدالت میں پیش کیا گیا ۔مسلم لیگ کے محبوس زعماءنے کہا کہ دو سال سے فرضی کیس میں بند رکھے گئے ہیں اور سات بار اب تک عدالت میں پیش کیا گیا ہے لیکن آج تک پولیس گواہوں کو عدالت میں پیش نہیں کررہے ہیں
تاجر لیڈر یاسین خان بھی طلب
سرینگر//قومی تحقیقاتی ایجنسی نے مبینہ” انتہا پسندی فنڈس“ کی جانچ کا دائرہ مزید وسیع کرتے ہوئے معروف تاجر اور کشمیرٹریڈرس اینڈ مینو فیکچرس فیڈریشن کے صدر حاجی محمد یاسین خان کو25ستمبر کو” این آئی ائے“ ہیڈ کواٹر دہلی طلب کیا ہے۔مزاحمتی خیمے کے خلاف کریک ڈاﺅن اور معروف تاجر ظہور وتالی کی گرفتاری کے بعد تفتیشی ادارے”این آئی ائے“ نے ”کے ٹی ایم ائف“ کے صدر محمد یاسین خان کو نوٹس جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ25ستمبر کو این ائی ائے دفتر دہلی میں حاضر رہیں۔اس دوران کشمیرٹریڈرس اینڈ مینو فیکچرس فیڈریشن کی ایک ہنگامی میٹنگ منعقد ہوئی،جس کے دوران تمام ضلعی،تحاصیل اور بازار کمیٹیوں کے صدور نے ٹیلی فون پر محمد یاسین خان کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیابیان کے مطابق میٹنگ میں یک زبان ہوکر کہا گیا ” یہ کاروائی محمد یاسین خان کے خلاف نہیں،بلکہ کشمیر کی تمام تاجر برادری کے خلاف ہے۔بیان میں کہا گیا کہ اس سلسلے میں تمام برادر تاجر برادری کے ساتھ مشورہ کر کے آئندہ کا لایحہ عمل مرتب کیا جائے گا۔
بٹہ تاچھلو کولگام میں طالب علم غرقآب
ملک سلام
اننت ناگ//بٹہ تاچھلو کیموہ کولگام میں اس وقت غم و اندو ہ کی لہر دوڑ گئی جب یہاں دریاءویشو میں ایک مہمان طالب علم نہاتے ہوئے غرق آب ہوا ۔اطلاعات کے مطابق ۶۱ سالہ عامرحسین وانی ولد غلام نبی وانی ساکنہ سیدھو شوپیان ۔بٹہ تاچھلو نامی گاوں میں کسی کام کے سلسلے میں آیا تھا اور نہانے کی غرض سے دریاے ویشو میں اترا تھا اس دوران چند ہی ڈبکیاں لگانے کے بعد پانی میں غائب ہوگیا اسکے دوسرے ساتھیوں نے اگرچہ اسے بچانے کی ہر ممکن کوشش کی لیکن وہ کامیاب نہیں ہوئے دریا میں کئی فٹ گہرائی ہونے کے سبب طالب علم کی لاش کو ڈھونڈنے میں کافی دشواریوں کا سامنا کرنا پڑا۔ بعد ازاں پڑوسی گاوں ترکہ تاچھلو کے کچھ نوجوانوں نے دلیری کا مظاہرہ کرکے قریب چار گھنٹے تک دریائے ویشو میں طالب علم کی لاش کو ڈھونڈ نکالنے میں کامیابی حاصل کی ۔طالب علم کی لاش پانی سے نکالتے ہی وہاں کہرام مچ گیا ۔مقامی لوگوں نے الزام لگایا کہ حکام کو واقعے کے بارے میں اطلاع دئے جانے بعد بھی کوئی قدم نہیں اٹھایا گیا ۔ترکہ تاچھلو کے نوجوانوں کی دلیری اور بہادری کو دیکھ کر علاقے میں زبردست سراہنا ہو رہی ہے
علماءاہل سنت ، گردوارہ پربندھک بورڈ کے وفود وزیر اعلیٰ سے ملاقی
جموں//انجمن علماءاہل سنت کے ممبران کا ایک وفد وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی سے ملاقی ہوا۔وفد نے ریاست میں مدرسہ بورڈ کے قیام ، ائمہ صاحبان کے مشاہرے میں اضافہ اور بابا غلام شاہ بادشاہ یونیورسٹی راجوری میں اسلامک سٹیڈیز کے کورس کا باقاعد ہ بنانے کا مطالبہ کیا۔ جے اینڈ کے گردوارہ پربندھک بورڈ کا ایک وفد ٹی ایس وزیر جس کی قیادت میں وزیرا علیٰ محبوبہ مفتی سے ملاقی ہوا اور سکولوں میں پنجابی مضمون کو متعارف کرنے کے فیصلے کے سلسلے میں وزیر اعلیٰ کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے سکولوں میں پنجابی اساتذہ کی تعیناتی اور سرحدوں پر شلنگ سے متاثرین کے حق میں امداد کی واگذاری کو یقینی بنانے پر زور دیا۔کسان یونین کے ممبران کا ایک وفد بھی وزیر اعلیٰ سے ملاقی ہوا اور بشناہ ، آر ایس پورہ اور مڑھ علاقوںمیں سڑکوں کی تعمیر کے سلسلے میں زمین کا معاوضہ فراہم کرنے کا مطالبہ کیا ۔وزیرا علیٰ نے تمام وفود کے مسائل غور سے سنے اور انہیں یقین دلایا کہ ان کے مسائل مرحلہ وار طریقے پر حل کئے جائیں گے۔
ڈورو اور لاوئے پورہ میں محاصرہ ،ویری ناگ کا مرغ فروش گرفتار
عارف بلوچ
ڈورو//ڈورو ویر ی ناگ میں فوج و پولیس کے اسپیشل آپریشن گروپ نے کئی گاﺅں میں تلاشی کاروائی انجام دی جبکہ فوج نے ویری ناگ سے مرغ فروش کو گرفتار کیا ہے ۔ جمعہ صبح کوڈورو کے ہلڑ شاہ آباد ،سادی واڈہ اور ویری ناگ کوکا گنڈ میں فوج و پولیس کے اسپیشل آپریشن گروپ نے کئی رہائشی گھروں پر چھاپہ مارکر تلاشی کاروائی عمل میں لائی ،فورسز کو ان دیہات میں جنگجوں کے چھپے ہونے کا اندیشہ تھا ،تاہم تلاشی کاروائی کے دوران کسی بھی شخص کی گرفتاری عمل میں نہیں لائی گئی ،اس بیچ دوپہر بعد کو فوج نے ویری ناگ سے محمد اشرف ملک ولد عبد الاحد ملک ساکنہ کوکاگنڈ نامی مرغ فروش کو ویری ناگ میں قائم اُس کی زاتی دکان سے گرفتار کیا ہے ۔ادھر فوج ،ایس اوجی اور سی آر پی ایف اہلکاروں نے مشترکہ طور پر ماگام بڈگام کے کئی دیہات کا محاصرہ کیا اور جنگجوﺅں مخالف آپریشن شروع کیا ۔ذرائع کا کہنا ہے کہ فوج وفورسز نے ایک مصدقہ اطلاع ملی تھی کہ یہاں جنگجو چھپے بیٹھے ہیں ،جس کے بعد بونہ مکہامہ ماگام بڈگام کے لاﺅے پورہ علاقے کا کریک ڈاﺅن کیا ۔
بڈگام میں ہیلپ لائن قائم
نیوز ڈیسک
سرینگر/ محرم الحرام کے مقّدس ایام کے پیش نظر عوام کی مدد کیلئے بڈگام پولیس نے ڈی ایس پی ڈی اے آر کی نگرانی میں ہلپ لائن قائم کی گئی ۔محرم الحرام کے مقّدس ایام کو مد نظر رکھتے ہوئے بڈ گام پولیس نے کنٹرول روم میں ہلپ لائن قائم کی تاکہ عوام الناس کو ان معتبرک ایام میں در پیش مشکلات کا بر وقت ازالہ کیاجائے ۔ مذکورہ ہلپ لائن 22.09.2017 سے چوبیس گھنٹے کام کریں گی۔عوام الناس سے گزارش ہے کہ اپنی شکایت ان فون نمبرات 01951.255042,01951.255207,7051531798یا ڈائیل 100 پر درج کرسکتے ہیں تاکہ اِ ن کی شکایت کا عین وقت پر ازلہ کیاجائے گا۔
روحانی اقدار کواجاگرکرنا وقت کی ضرورت: حامی
سرینگر// کاروان اسلامی کے امیر غلام رسول حامی نے کہا ہے کہ انسانیت کش اور اسلام مخالف سوچ کے خاتمے اور امن کے قیام کے لئے روحانی قدروں کو اجاگر کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ انہوں نے کہاکہ جس طریقے سے مہذب فکری اصول کے نام پر انسانی قدروں اور اسلامی تشخص کو پامال کرنے کی ہر ممکن کوشش کی جا رہی ہے وہ انتہائی قابل افسوس اور فکر انگیز ہے،یہی وجہ ہے کہ آج پوری دنیا میں مسلمانوں اور اسلامی نظریہ کے خاتمے کے لئے سامراجی، صہیونی اور بدھ مت کے دعویدار خون کی ہولی میں دہشت گردی کی ایک افسوسناک مثال قائم کر رہے ہیں۔ جمعۃ المبارک کے موقعہ پر جامع مسجد کائوسہ میں اجتماع سے خطاب کرتے حامی نے کہا کہ وقت آچکا ہے کہ مسلمان اپنے کھوئے ہوئے کل کوانسانیت کی بقا کیلئے آج اور مستقبل کے فکری انقلاب کے لئے تمام تر کوششوں کو بروئے کار لاکر صف بستہ ہوجائیں۔ انہوں نے کہا کہ اسلام ایک ایسا واحد مذہب ہے جو مظلوموں کی مدد اور ظلم کا خاتمہ کرنے کو افضل ترین عبادت قرار دیتا ہے، لہٰذا ہمیں ہر حال میں اولیاء کرام، صلحاء عظام صدیقین شہداء اور صالحین کے نقش قدم کو راہ ہدایت کے طور عملانے کی اشد ضرورت ہے جس کی مثال امام حسین ؓ نے میدان کربلا میں رہتی دنیا تک قائم کی ہے۔
ایتھکس کمیٹی اجلاس میں انتظامی امور زیر بحث
سرینگر//جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی کی ایتھکس کمیٹی کا ایک اجلاس کمیٹی کے چیئرمین رکن اسمبلی عبدالرحیم راتھر کی صدارت میں منعقد ہوا جس میں قانون ساز عبدالمجید لارمی ، سید محمد باقر رضوی نے شرکت کی اور کمیٹی کو فعال اور نتیجہ خیز بنانے کے لئے تجاویز پیش کیں۔دوران اجلاس کمیٹی کے کام کاج پر مفصل بحث و تمحیص ہوئی اور کمیٹی کے چیئرمین نے کہا کہ قانون سازوں کو ایوان کے اندر اور باہر اخلاقی اقدار پر عمل پیرا رہنا چاہئے تاکہ ارکان کا وقار قائم رہ سکے۔کمیٹی کے چیئرمین نے ارکان سے کمیٹی کی رپورٹ میں شامل کرنے کے لئے ان کی آراء اور تجاویز طلب کیں۔اجلاس میں فیصلہ لیا گیا کہ کمیٹی ریاست کے مختلف اضلاع کا دورہ کر کے انتظامیہ کے ساتھ میٹنگیں منعقد کریں گی۔ ان دوروں کا مقصد اضلاع کی انتظامیہ دوروںاور سرکاری تقاریب کے دوران قانون سازوں کے ساتھ صحیح برتائو اور ہر سطح پر ان کے وقار کو قائم رکھنے سے متعلق جانکاری دینا ہے ۔اجلاس میں فیصلہ لیا گیا کہ کمیٹی پہلے مرحلے میں لیہہ اور کرگل کا دورہ کر کے وہاں مقامی لوگوں اور سول انتظامیہ کے ساتھ تبادلہ خیال کرے گی۔اجلاس میں سیکرٹری قانون ساز اسمبلی ایم آر سنگھ اور اسمبلی سیکرٹریٹ کے دیگر اعلیٰ افسران موجود تھے۔
نئے ہجری سال پر میرواعظ ہمدانی کی مبارکباد
سرینگر//جمعیت ہمدانیہ سربراہ میر واعظ کشمیر مولانا ریاض احمد ہمدانی نے نئے ہجری سال1439ھ ،جومحرم الحرام کے بابرکت اور فضیلت والے مہینے سے شروع ہورہا ہے ،پر ریاست کے مسلمانوں کو مبارکباد پیش کیا ہے ۔ اُنہوں نے کہا ،کہ واقعہ کربلا خاصکر حضرت امام عالی مقامؑ نواسہ رسولﷺ امام حسین ؑکی پاک شہادت اِسی مہینے میں واقعہ ہوئی ہے اور اِس مہینے کی فضیلت دس محرم الحرام روز عاشورہ سے اور بھی ہے ۔
ووسن ٹنگمرگ میں مندر پنڈتوں کے نام وقف
بارہمولہ //فیاض بخاری//ہانگل وسن ٹنگمرگ میں ایک غیر سرکاری تنظیم کے تعاون سے علاقہ میں مقیم چند پنڈت گھرانوں کیلئے ایک مندر تعمیر کیا گیا ۔ اس سلسلے میں ایک افتتاحی تقریب منعقد ہوئی جس میں مسلمانوں کی ایک بڑی تعداد نے حصہ لیا ۔ تقریب میں سابق ایم ایل اے ٹنگمرگ غلام حسن میر بطور مہمان خصوصی تھے ۔اس موقعہ پر پنڈتوںنے مسلمان ہمسائیوںکا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ مسلمانوں کی مدد کے بغیر وہاں مندر بنا نا ناممکن تھا ۔واضح رہے کہ ووسن گائوں میں چار ایسے پنڈت گھرانے رہائش پذیر ہیں جنہوں نے نقل مکانی نہیں کی ہے۔