ترال//قصبہ ترال میں جمعرات کو ہوئے گرینیڈ حملے میں 2 عام شہریوں کی ہلاکت اور دیگر 30کے زخمی ہونے کے خلاف ہفتہ کو مسلسل دوسرے دن بھی مکمل ہڑتال رہی۔ قصبہ میں ہفتہ کو بھی دوکانیں اور تجارتی مراکز بند رہے جبکہ سڑکوں پر گاڑیوں کی آواجاہی معطل رہی۔ سرکاری دفاتر اور بینکوں میں معمول کا کام کاج جزوی طور پر متاثر رہا۔ قصبہ میں واقع بیشتر تعلیمی اداروں میں معمول کی تدریسی سرگرمیاں دوسرے دن بھی معطل رہیں۔ خیال رہے کہ قصبہ میں جمعرات کو مشتبہ جنگجوؤں کی طرف سے کئے گئے گرینیڈ حملے میں 2 عام شہری ہلاک جبکہ آدھ درجن سیکورٹی فورس اہلکاروں سمیت 30 دیگر زخمی ہوگئے۔ مہلوکین میں اسلامک یونیورسٹی آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کی طالبہ پنکی کور اور ریٹائرڈ ٹیچر غلام نبی تراگ شامل تھے۔