جموں //نائب وزیر اعلیٰ ڈاکٹر نرمل سنگھ نے دیہی اور سرحدی علاقوں میں میڈیکل کیمپ قائم کرنے کے لئے نیشنل میڈیکوز آرگنائزیشن اور دیگر متعلقین کے رول کی ستائش کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت عوام کو اُن کی دہلیز پر معیاری طبی سہولیات بہم پہنچانے کے لئے خاطر خواہ اقدامات کر رہی ہے۔نائب وزیر اعلیٰ نے ان باتوں کا اظہار گورنمنٹ میڈیکل کالج جموں میں پانچ روزہ رشی کشپ سواستھ سیوا یاترا کی اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ڈاکٹر سنگھ نے کہا کہ اس طرح کے کیمپوں کی بدولت عام لوگوں میں بیماریوں اور احتیاطی تدابیر کے حوالے سے جانکاری عام کرنے میں مدد ملتی ہے۔ انہوں نے بیرون ریاست سے آئے شرکاء پر زور دیا کہ وہ اپنے اپنے علاقوں میں یہاں کے تجربات دوسرے لوگوں تک پہنچائیں۔تقریباً17 ہزار مریضوں کا اس کیمپ کے دوران علاج ومعالجہ کیا گیا۔اس کے علاوہ ریاست کے مختلف علاقوں میں این ایم او کی طرف سے111 میڈیکل چیک اپ کیمپ منعقد کئے گئے اس دوران مستحقین میں مفت ادویات تقسیم کی گئیں۔اس موقعہ پر ڈاکٹروں اور طُلاب کے علاوہ کئی دیگر شخصیات بھی موجود تھیں۔