سرینگر //معروف ٹریڈلیڈرمحمدیاسین خان کی طلبی کیخلاف ہڑتال کال کی حمایت کااعلان کرتے ہوئے مشترکہ مزاحمتی قیادت نے الزام لگایاکہ بھارت سرکارنے این آئی اے کواب کشمیریوں کیخلاف جنگی ہتھیاربنادیاہے ۔ اس دوران بار ایسو سی ایشن نے بھی ہڑتال کال کی حمایت کی ہے۔ مشترکہ مزاحمتی قیادت سید علی گیلانی، میرواعظ ڈاکٹر محمد عمر فاروق اور محمد یٰسین ملک نے تاجر اور ٹرانسپورٹ برادری کی جانب سے 25؍ستمبر کو کشمیر بند کال کی حمایت کرتے ہوئے کہا کہ حکومت ہندوستان مظلوم کشمیریوں کے خلاف NIAکو بطور جنگی ہتھیار استعمال کررہی ہیں۔ مزاحمتی قائدین نے شبیر احمد شاہ کے خلاف بھارتی تحقیقاتی ایجنسی، انفورسمنٹ ڈائرٹوریٹ (ED)کی جانب سے فردِ جرم عائد کرنے کی شدید الفاظ میں مذمت کی اور اسے سیاسی انتقام گیری سے تعبیر کیا۔ بیان میں تاجر لیڈر محمد یٰسین خان، حاجی غلام نبی سمجھی، آغا سید حسن، ڈاکٹر بلقیس شاہ، کشمیر یونیورسٹی کے اسکالر اعلیٰ فاضلی، ڈاکٹر نعیم گیلانی، ایگریکلچر یونیورسٹی کے ڈاکٹر نسیم گیلانی، فردوس احمد ، تاجر برادری، تحریک حریت 85سالہ بزرگ رہنما شاہ ولی محمد ، ایڈوکیٹ میاں عبدالقیوم، محمد شفیع ریشی، نور محمد کلوال اور طلباء جیسے لوگوں کے نام نوٹس جاری کرنے اور انہیں NIAکے مرکزی ہیڈکوارٹر دہلی بُلانے کی نکتہ چینی کرتے ہوئے مزاحمتی قائدین نے کہا کہ اس کا مقصد صرف کشمیریوں کی تذلیل کرنا اور ان کی عوامی ساکھ کو نقصان پہنچانا ہے اور انہیں مسئلہ کشمیر کے حوالے سے اپنے مبنی بر حق موقف سے دستبردار ہونے پر مجبور کیا جائے۔ قائدین نے کہا کہ NIAکے ذریعے سے کشمیر میں زندگی کے ہر شعبے سے تعلق رکھنے والوں کے خلاف ایک بلاجواز مہم جوئی شروع کی گئی۔ فرضی کیس میں شبیر احمد شاہ، الطاف احمد شاہ، ایاز اکبر، شاہد الاسلام، پیر سیف اللہ، راجہ معراج الدین کلوال، نعیم احمد خان، فاروق احمد ڈار، تاجر ظہور احمد وٹالی اور کامران یوسف کو بلاجواز تہاڑ جیل میں جرم بے گناہی کی پاداش میں قید کیا گیا ہے ۔بیان میں کہا گیا کہ NIAکے ذریعے بناوٹی اور بے بنیاد الزامات سے یہاں کی عوامی تحریک کو ختم نہیں کیا جاسکتا ہے، بلکہ کشمیریوں کو جتنا دباؤ اور نفسیاتی جنگ میں دھکیلا جائے گا اس کے خلاف لوگوں کی طرف سے ایک فطری مزاحمت کی جائے گی۔دریں اثنائہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن نے معروف تاجر لیڈر محمد یاسین خان اور یونیورسٹی سکالر اعلیٰ فاضلی کی این آئی اے کے ذریعے دلی طلبی پر تاجر انجمنوں کی جانب سے دی گئی ہڑتال کال کی مکمل حمایت کا اعلان کیا ہے اور وکلاء سے اپیل کی ہے کہ وہ 25ستمبر سوموار کو عدالتی کام کاج کا بائیکاٹ کریں ۔ادھرکشمیر پسنجر ویلفیئر ٹرانسپورٹ ایسو سی ایشن جنرل سیکریٹری شیخ محمد یوسف نے کہا’’ ٹرانسپورٹر مکمل پہیہ جام ہڑتال کریں گے،اور ہڑتال کو کامیاب بنایا جائے گا۔ادھر کشمیر ٹریڈرس فیڈریشن نے بھی ہڑتال کی حمایت کا علان کیا ہے۔ ادھر کشمیر چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹریزکی ایگزیکٹو میٹنگ کے دوران تحقیقاتی ایجنسی کی طرف سے تاجروں کے ساتھ امتیازی سلوک روا رکھنے اور انہیں ہراساں کرنے پر سخت تشویش کا اظہار کیا۔