سرینگر//نیشنل ایسسمنٹ اینڈ ایکریڈٹیشن کونسل (NAAC )ٹیم کا سینٹرل یونیورسٹی کشمیر کا تین روزہ دورہ اختتام پزیر ہوا ۔ سینٹرل یونیورسٹی تامل ناڈو کے سابق وائس چانسلر ڈاکٹر بی پی سنجے کی سربراہی والی چھ رکنی ٹیم کا دورہ 21سے 23ستمبر 2017تک جاری رہا ۔ ٹیم نے اپنے دورے کے دوران سائنس بلاک سونہ وار، فیزیکل ایجویکشن کالج گاندربل ( اولڈ کیمپس) اورتولہ ملہ گاندربل میں تعمیر ہونے والے یونیورسٹی کیمپس کا دورہ کیا ۔ یونیورسٹی کیمپس کے دورے کے دوران چھ رکنی ٹیم نے تدریسی عملے، ریسرچ سکالروں، طلبہ اور ایڈمنسٹریٹیو عملے سے بات چیت کی ۔ اس دوران یونیورسٹی میں زیر تعلیم طلبہ اور والدین کی ایک بڑی تعداد بھی موجود تھی۔ وائس چانسلر پروفیسر معراج الدین میر نے یونیورسٹی کے کام کاج کی تفصیلی جانکاری ٹیم کو دی اور تدریسی، ایڈمنسٹریٹیو اور بنیادی ڈھانچے کے حوالے سے کامیابیوں کا بھی تفصیلی خاکہ پیش کیا ۔ یونیورسٹی کے رجسٹرار پروفیسر ایم افضل زرگر نے یونیورسٹی میں قائم مختلف شعبہ جات اور ایڈمنسٹریٹیو سطح پر ہونے والے کام کاج کی بھی جانکاری دی۔ اس موقع پر ڈائریکٹر انٹرنل کالوٹی ایشورنس سیل کے پروفیسر این ائے ندیم، ڈائریکٹر ریسرچ اینڈ دیولپمنٹ پروفیسر عبدالغنی، ڈپٹی رجسٹرار فائنانس ڈاکٹر جاوید وانی نے اپنے شعبہ جات کے بارے میں ٹیم کو جانکاری فراہم کی ہے۔ ادھر یونیورسٹی کے کمیٹی نے یونیورسٹی کے 16تدریسی شعبہ جات، طلبہ سروس سینٹر بشمول بائز اینڈ گرلز ہوسٹل، یونیورسٹی کینٹین، فیکلٹی کواٹرز اور مختلف سکولوں کا دورہ کیا۔ .