جموں//پینتھرز پارٹی کے لیڈروں کی طر ف سے ایک پر زور مظاہرہ کر کے حالیہ فائرنگ کی وجہ سے بے گھر ہونے والے سینکڑوں کنبوں کے مصائب کے لئے بی جے پی پی ڈی پی کی مخلوط سرکار کو ذمہ دار قرار دیا گیا۔ اس موقعہ پر مظاہرین کو خطاب کرتے ہوئے پینتھر لیڈران نے نمائش گرائونڈ کے قریب حکومت کا پتلا نذر آتش کیا ، انہوں نے اپنے ہاتھوں میں تختیاں اٹھا رکھی تھیں جن پر مختلف نعرے درج دے۔ ہرشدیو سنگھ، یشپال کنڈل اور دیگران نے اس موقعہ پر کہا کہ مرکزی اور ریاستی حکومت پوری طرح سے ناکام رہی ہے ، جموں کے لوگوں کے مسائل حل ہونے کے بجائے یہ حکومت آنے کے بعد بڑھتے چلے جا رہے ہیں۔ لوگ ہر محاذ پر پریشان حال ہیں کیوںکہ بنیادی سہولیات کی فراہمی بھی ممکن نہیں ہو پا رہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی طر ف سے کی جانے والی گولہ باری پوری طرح سے ناقابل برداشت ہے اور اس کی بھر پور مذمت کی جانی چاہئے کیوں کہ انٹر نشنل بارڈر اور کنٹرول لائن سے لگتے علاقوں کے لوگوں کے لئے روز مرہ کی زندگی مشکل ہو گئی اور وہ خوفزدگی کے عالم میں دن کاٹ رہے ہیں۔ سنگھ نے بتایا کہ بی جے پی اپوزیشن میں تھی تو جموں کے حق کی بات کرتی تھی لیکن حکومت میں شامل ہونے کے بعد اس نے لوگوں کی طرف توجہ دینے ختم کر دی ہے اور وزیرصرف فوٹو کھنچوانے اور بیان دینے میں مشغول رہتے ہیں۔ جہاں سینکڑوں کی تعداد میں مرد عورت اور بچے گھروں سے بے گھر ہو کر ریلیف کیمپوں میں پڑے ہیں وہیں فصل بھی پوری طرح سے تباہ ہو گئی ہے ۔ لوگوں کو اپنی جان بچانے کی فکر پڑی ہے کیوں کہ سرکار کی طر ف سے لوگوں کو پانچ پانچ مرلے کے پلاٹ دینے کا وعدہ سراب ثابت ہونے کے ساتھ ساتھ بنکروں کی تعمیر کا معاملہ بھی ٹھنڈے بستے میں چلا گیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ اور بی جے پی لیڈر لوگوں کے ساتھ صرف جھوٹے وعدے اور یقین دہانیاں کر رہے ہیں۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ لوگوں کو وعدہ کے مطابق پلاٹوں کی فراہمی کے ساتھ ساتھ انہیں فی کنبہ 20لاکھ روپے ایکس گریشیا بھی دی جائے اس کے علاوہ زخمیوں کو 5لاکھ روپے معائوضہ ادا کیا جائے، ہر متاثرہ کنبہ کے ایک فرد کو نوکری دی جائے ۔ انہوں نے کہاکہ بی جے پی وزیر اقتدار کے مزے لوٹ رہے ہیں جب کے لوگوں کو مشکلات کا سامنا ہے ۔ انہوں نے بی جے پی کو یاد دلایا کہ انہوں نے جو سرحدی علاقوں میں خصوصی بھرتی مہم چلانے کا وعدہ کیا تھا اسے پورا کیا جائے ۔اس موقعہ پر بنسی لال، راجیش پدگوترہ، نریش چب، رومیش کھجوریہ، شنکر سنگھ چب، گگن پرتاپ سنگھ، کے کے شرما، راجیش گونڈی، راجیشور سنگھ سمبیال، نروتم سنگھ، سٹفنیس گل، ارون کجھوریہ، روہن شرما، رچھپال سنگھ، شنکر سنگھ سنجو، مہندر سنگھ، راہل کمار، پون دیپ سنگھ، نریندر شرما، سنی سنگھ، رومیش کمار اور دیگران بھی موجو دتھے۔