سرینگر//کشمیر ایڈیٹرس گلڈ نے سینئر صحافی علی محمد صوفی کو عنقریب شروع ہونے والی خبر رساں ایجنسی’کشمیر وائر‘ کا چیف ایگزیکٹیو آفیسر نامزد کیا ہے۔گلڈ کے ایک ترجمان نے کہا ہے کہ علی محمد صوفی گلڈ کے کچھ نامزد ممبران کے تعاون سے کشمیر وائر کیلئے مدیران اور نامہ نگاروں کے انٹر ویو اور تعیناتی کا سلسلہ شروع کریں گے۔علی محمد صوفی تقریباً 43 سال تک پی ٹی آئی میں قابل رشک کام کرنے کے بعد 2010 میں بحثیت بیرو چیف، سرینگر ریٹائر ہوئے۔صوفی نے بحثیت سپورٹس رپورٹر کام شروع کیا اور سپورٹس جر نلسٹ ایسوسیشن کے پہلے صدر بھی نامزد ہوئے۔ سال1981میں صوفی کو ڈی پی دھر میموریل ہاکی ٹورنامنٹ کی کوریج کے لئے سونے کے تمغے سے نوازا گیا۔صوفی صرف سپورٹس تک ہی محدود نہیں رہے بلکہ سیاست اور دیگر امور کو بھی کور کرتے رہے اور پی ٹی آئی ان کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے انہیں لگا تار ترقیوں سے نوازتی رہی اور 1990میں وہ پی ٹی آئی کے سرینگر بیرو کے چیف مقرر ہوئے اور20 سال تک اس عہدے پر کام کرتے رہے۔صوفی کو پی ٹی آئی میں کام کرنے کے دوران کئی ایوارڈوں سے نوازا گیا۔