سرینگر //تعلیم کے وزیر سید محمد الطاف بخاری نے وزیر اعظم پیکج کے تحت تعینات کئے گئے کشمیری مائیگرینٹ اُساتذہ کو رہائشی سہولیات مہیا کرانے کا ایک میٹنگ کے دوران جائیزہ لیا۔میٹنگ میں ڈائریکٹر اسٹیٹس تصدق جیلانی، ناظم تعلیم کشمیر ڈاکٹر جی این اتو، ایڈیشنل سیکرٹری سکولی تعلیم مسرت الاسلام ، کئی دیگر افسران کے علاوہ مائیگرینٹ ٹیچروں کا ایک گرؤپ بھی موجود تھا۔وزیر نے ڈائریکٹر اسٹیٹس کو موقعہ پر ہی ہدایات دیں کہ وہ ضلع پلوامہ اور شوپیاں کے اُن تمام اُساتذہ کو رہائشی سہولیات فراہم کریں جو2016 کے ناخوشگوار حالات کے بعد وادی چھوڑ کر چلے گئے تھے اور جنہوں نے دوبارہ محکمہ میں اپنا کام کاج شروع کیا ہے۔وزیر نے کہا کہ عمومی طور سے تمام اُساتذہ اور بالخصوص اُن اُساتذہ کا خاص خیال رکھا جائے گا جنہوں نے اپنے افراد خانہ کو بھی ساتھ لایا ہے۔اس موقعہ پر اُساتذہ نے کئی معاملات اُبھارے جن میں رُکی پڑی تنخواہوں کا واگذار کرنے کا معاملہ بھی شامل تھا۔وزیر تعلیم نے انہیں ان معاملات پر ہمدردانہ غور کرنے کا یقین دلایا۔