کشتواڑ//جموں کشمیر پولیوشن کنٹرول بورڈ نے آج برسر پن بجلی پن پروجیکٹ سے متعلق ماحولیاتی منظوری کے بارے میں ایک اور شنوائی کی۔800میگا واٹ کا یہ پروجیکٹ این ایچ پی سی کی جانب سے دریائے مروسودر پر ضلع کشتواڑ کی تحصیل دچھن کے موضع لو پرا میں تعمیر کیا جا رہا ہے۔آج کی شنوائی میں اس پروجیکٹ سے متاثر ہونے والے کافی تعداد میں لوگ موجود تھے۔شنوائی ایڈیشنل ضلع کمشنر کشتواڑ کشوری لال کی صدارت میں ہوئی۔اس موقعہ پر تجربہ نگاروں،سائنس دانوںنے اس شنوائی اور پولیوشن کنٹرول بورڈ کے رول کے بارے میں عوام کو آگاہ کیا۔انہوں نے کہا کہ اس شنوائی کا مقصد اس پروجیکٹ کی تعمیر سے متاثرہ لوگوں کی رائے و مشورہ حاصل کرنا ان کے مسائل سننا اور ان کے شک و شبہات دور کرنا تھا۔اس دوران مقامی لوگوں کی جانب سے زمین کی حصولیابی اور روزگار کی فراہمی کے مطالبات کی ویڈیوریکارڈنگ کی گئی تا کہ حکومت ہند کے ایم او ای ایف کے ماہرین ان مطالبات کا جائزہ لے سکیں۔جنرل منیجر این ایچ پی سی پی کے لنگر نے اس موقعہ پر پروجیکٹ کے متعدد پہلوں کے بارے میں عام لوگوں کے سوالات کے جواب دیئے۔ مقررین نے لوگوں کو انوارنمنٹ پلان بشمول باز آبادکاری اور متاثرہ لوگوں کو بھر سے بسانے کے بارے میں تفصیلی جانکاری دی ۔ایڈیشنل ضلع مجسٹریٹ نے اس موقعہ پر پروجیکٹ کی تعمیر کیلئے لوگوں سے تعاون طلب کیا اور ان کی جائز مانگوں کو پورا کرنے کا یقین دلایا۔