سرینگر //جموں وکشمیر قانون ساز اسمبلی کی پبلک انڈر ٹیکنگس سے متعلق سب کمیٹی کا اجلاس آج یہاں ایم ایل اے راجا منظور احمد کی صدارت میں منعقد ہوا جس میں سمال سکیل انڈسٹریز ڈیولپمنٹ کارپوریشن کی طرف سے مجوزہ جگہوں سے مشینری کو منتقل کرنے اور انڈسٹریل اسٹیٹس کٹھوعہ میں الاٹ کی گئی حد کوپار کرنے میں قوانین کی خلاف ورزی کے معاملے کا جائیزہ لیا گیا۔رکن اسمبلی عبدالمجید لارمی نے بھی میٹنگ میں شرکت کی اور مختلف انڈسٹریل یونٹوں کے مناسب قیام کے حوالے سے اپنی تجاوز پیش کیں۔اس موقعہ پر آئی آئی ڈی سینٹر گوند سر کٹھوعہ میں اضافی اراضی کی موجودہ صورتحال پر بھی تفصیل سے گفتگو ہوئی۔ ریاستی صنعتی پالیسی کی رو سے پروجیکٹ رپورٹ کی بنیاد پر اپیکس کمیٹی اراضی الاٹ کرنے کے لئے بااختیار ہے تا کہ ریاست میں روز گار کے زیادہ سے زیادہ مواقعے پیدا کئے جاسکیں۔کمیٹی نے ایم ڈی سیکاپ کے ساتھ اس معاملہ پر تبادلہ خیال کیا جنہوں نے تفصیلی جواب پیش کیا۔ کمیٹی نے فیصلہ لیا کہ وہ گنگیال اور کٹھوعہ میں موجود صنعتی یونٹوں کا بذاتِ خود27 ستمبر2017 کو دورہ کریں گے۔ایم ڈی سیکاپ آر ایل تکو، سپیشل سیکرٹری قانون ساز اسمبلی رتن لال شرما کے علاوہ متعلقہ محکمہ اور اسمبلی سیکرٹریٹ کے کئی افسران بھی میٹنگ میں موجود تھے۔