سرینگر// انجمن اوقاف جامع مسجد سرینگر کے صدر او حریت (ع) چیرمین میرواعظ کشمیر ڈاکٹر مولوی محمد عمر فاروق نے مرکزی جامع مسجد کے موذن اور انجمن اوقاف کے دیرینہ رکن مولوی محمد یاسین شاہ کی شریک حیا ت کی وفات پر گہرے دکھ اور صدمے کا اظہار کرتے ہوئے اللہ تبارک و تعالیٰ سے مرحومہ کی مغفرت اور جنت نشینی کیلئے خصوصی دعا کی۔مرحومہ کی جنازے کی نماز جامع مسجد کے احاطے میں ادا کی گئی ۔ نماز جنازہ کی پیشوائی میرواعظ نے کی جبکہ اس موقعہ پر انجمن اوقاف کے نائب صدر خطیب و امام مولانا احمد سعید نقشبندی ، انجمن اوقاف کے جملہ اراکین و عملہ ، جامع ٹریڈرس فیڈریشن کے ممبران اور لوگوں کی ایک بڑی تعداد موجود تھی۔ میرواعظ نے مولوی محمد یاسین شاہ اور ان کے آباو اجداد کی صدیوں سے مرکزی جامع مسجد کے تئیں بے لوث خدمات کو خراج تحسین ادا کرتے ہوئے اللہ تعالیٰ سے دعا کی کہ وہ انہیں اور گھر کے دیگر لواحقین کو یہ صدمہ برداشت کرنے کی توفیق اور ہمت عطا کرے۔جمعیت ہمدانیہ کے سربراہ مولانا ریاض احمد ہمدانی نے اس سانحہ ارتحال پر مرحومہ کے اہل خانہ کیساتھ تعزیت کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے مرحومہ کی جنت نشینی کیلئے دعا کی۔ جمعیت ہمدانیہ کے صدر الحاج عبدالرشید گانی، پیرزادہ حاجی محمد اشرف عنایتی، حاجی فاروق احمد گانی اور مولوی سراج الدین ترمبو اور خدامانِ زیارت شاہ ہمدانؒ نے بھی اس سانحہ ارتحال پر گہرے صدمے کا اظہار کیاہے۔ جمعیت نے خاندانِ کاملی کے چشم و چراغ الحاج سید محمد یاسین کاملی سابق چیف انجینئر کے انتقال پر بھی تعزیت کا اظہار کیا۔