نئی دہلی// کانگریس نے معیشت کی بری درگت کے لئے وزیر اعظم نریندر مودی اور وزیر خزانہ ارون جیٹلی کی سخت نکتہ چینی کرتے ہوئے آج کہا کہ ان کی پالیسیوں سے معیشت میں تیزی سے کمی آ رہی ہے اور ملک اقتصادی بحران کی جانب بڑھ رہا ہے ۔کانگریس کے سینئر لیڈر اور سابق وزیر تجارت آنند شرما نے ایک بیان میں کہا کہ یہ انتہائی تشویش کی بات ہے کہ وزیر اعظم اور وزیر خزانہ کی اقتصادی بدانتظامی کی وجہ سے ملک سخت اقتصادی بحران کی طرف بڑھ رہا ہے ۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ حکومت معیشت کی حالت اور اس میں بہتری کے اقدامات پر وائٹ پیپر جاری کرے ۔ انہوں نے کہا کہ قومی معیشت شدید بحران کی طرف بڑھ رہی ہے اور مستقبل قریب میں اس میں بہتری کی کوئ¸ گنجائش نظر نہیں آ رہی ہے ۔ ملک کی مجموعی گھریلو مصنوعات (جی ڈی پی) کی شرح مسلسل گر رہی ہے ۔ سرمایہ کاری تاریخی گراوٹ کی سطح پر آگئی ہے اور صنعتی پیدوار، مینوفیکچرنگ کے شعبے اور کاروبار ٹھپ پڑ گئے ہیں۔ سابق مرکزی وزیر نے معیشت کی خستہ حالت کے لئے مسٹر مودی کو ذمہ دار ٹھہراتے ہوئے کہا کہ نوٹ بند¸ سمیت دیگر کئی فیصلوں سے معیشت کو سخت نقصان پہنچا ہے ۔ جی ایس ٹی کو جس طرح سے لاگو کیا گیا ہے اس نے بھی صنعتوں اور چھوٹے کاروباریوں کے سامنے بحران کھڑا کردیا ہے ۔ مسٹر آنند شرما نے کہا کہ معیشت کو بہتر بنانے کے لئے وزیر اعظم کی طرف سے کوئی خاطر خواہ پہل نہیں کی گئی ہے ۔ اس معاملے میں وہ گھمنڈی بنے ہوئے ہیں اور کسی کی بات سننے کو تیار نہیں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جمہوری نظام والے ملک میں اقتصادی حالت یا دیگر کسی بھی صورتحال پر عوام کو معلومات دی جانی چاہئے لیکن مودی حکومت اس سے مسلسل بھاگنے کی کوشش کرتی رہی ہے ۔