سرینگر//عوامی اتحاد پارٹی سربراہ اور ممبر اسمبلی لنگیٹ انجینئر رشید نے موہن بھاگوت کے مطالبہ پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگرچہ اس بیان میں کچھ نیا نہیں ہے تاہم دفعہ370کی تنسیخ کا مطالبہ اپنے آپ میں اس بات کا ایک ثبوت ہے کہ آر ایس ایس اور اسکی ہم خیال جماعتیں آئین ہند میں یقین نہیں رکھتی ہیں۔ انجینئر رشید نے کہا ’’ اگر مطالبہ حق خود ارادیت آئین ہند میں شامل نہیں ہے تو پھر دفعہ370اوردفعہ35-Aکی تنسیخ کا مطالبہ بھی آئین ہند سے باہر ہے اور آئین کی توہین کے مترادف ہے‘‘۔ممبر اسمبلی نے مزید کہا کہ اگر موہن بھاگوت جیسے لوگ نہ آئین ہند میں یقین رکھتے ہیں اور نہ ہی ملک کے پہلے وزیر اعظم جواہر لال نہرو کے کشمیریوں کے ساتھ کئے ہوئے وعدوں کو مانتے ہیں۔ ہندوستان جموں کشمیر کے عوام کی عزت نفس، اعتماد اور حقوق کو ایک یا دوسرے طریقے سے ختم کرکے اس ریاست کو بندوق کی نوک پر قابو کئے رکھنا چاہتا ہے۔