رعناواری ہسپتال کے احاطہ میںسڑکیں خستہ حال

Kashmir Uzma News Desk
3 Min Read
سرینگر//جواہر لال نہرومیموریل ہسپتال کے صحن میں مریضوں کے آمدورفت کیلئے سڑکیں خستہ حال ہیں ۔ہسپتال میں علاج و معالجے کیلئے آنے والے مریضوں کا کہنا ہے کہ سخت علیل مریضوں اور حاملہ خواتین کو ہسپتال کے اندر جانے میں کافی تکالیف کا سامنا کرنا پڑرہا ہے کیونکہ مین گیٹ کے قریب سڑک کافی خستہ ہے اور اکثر اوقات مریضوں کے ساتھ حادثات پیش آتے ہیں ۔ لوگوں کا کہنا ہے کہ ہسپتال کی مین سڑک کو کارپارکنگ میں تبدیل کرنے کی وجہ سے مریضوں اور تیمارداروں کو کافی دشواریاں پیش آرہی ہیں۔ہسپتال انتظامیہ کا کہنا ہے کہ پارکنگ اور سڑک کی خستہ حالی کا معاملہ ضلع انتظامیہ کے ساتھ اٹھایا گیا ہے۔رعناواری کے رہنے والے ایک مریض خورشید احمد نے بتایا کہ ہسپتال کے اندر جانے سے ہی مریضوں کو سڑک کی خستہ حالی کی وجہ سے ٹھونکریںکھانا پڑتی ہیں جبکہ حاملہ خواتین کوہسپتال کے مین گیٹ کی خستہ حال سڑک کی وجہ سے سخت مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔ خورشید احمد کاکہنا ہے کہ ہسپتال آنے والے علیل بزرگ مریضوں کو مین گیٹ کے نزدیک سڑک میں موجود بڑے کھڈوں کی وجہ سے کئی بار دشواریوں کا سامنا کرنا پڑتا ہے جبکہ کئی دفعہ کئی مریض حادثات کے شکار ہوجاتے ہیں۔ہسپتال انتظامیہ کا کہنا ہے کہ سڑک کی خستہ حالی کی بڑی وجہ کارپارکنگ ہے جس کو ہٹانے کیلئے ضلع انتظامیہ کے ساتھ بات چیت کا سلسلہ شروع کیا گیا ہے۔ ہسپتال ذرائع نے بتایا کہ اگرچہ ریاستی سرکار کے سامنے ہسپتال کی مین سڑک سے کارپارکنگ کو ہٹانے کی مانگ کی گئی ہے تاہم ابتک ضلع انتظامیہ نے اس حوالے سے کوئی بھی اقدام نہیں کیا ہے۔ واضح رہے کہ رعناواری ہسپتال میں اندر جانے کیلئے تعمیر کی گئی سڑک کو دو حصوں میں تقسیم کیا گیا ہے جس میں ایک سڑک کا حصہ عملے اور ایمبولنس گاڑیوں کیلئے رکھا گیا ہے جبکہ دوسرے حصے کو کارپارکنگ میں تبدیل کیا ہے اور مریضوں کے آنے جاننے کیلئے کوئی بھی مخصوص سڑک نہیں رکھی گئی ہے۔
 
Share This Article
Leave a Comment

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *