ایس پی کالج میں ’احترام انسانیت‘ کی رسم اجرائی

Kashmir Uzma News Desk
2 Min Read
سرینگر//ایس پی کالج سرینگر میں تقریب پر جمعیت انوارالاسلام کے صدرمولانا شیخ غلام محمد صدر کی تصنیف ـــ’’ احترام انسانیت ‘‘کی رسم رونمائی کلسٹر یونیورسٹی کے وائس چانسلر ڈاکٹر شیخ جاوید احمدنے انجام دی ۔ تقریب میں ریاستی احتساب کمیشن کے چیئرمین ریٹائرڈجسٹس بشیر احمد کرمانی مہمان خصوصی اور پروفیسر ڈاکٹر بشیر احمد نحوی ماہر اقبالیات کشمیر یونیورسٹی مہمان ذی وقارشریک ہوئے ۔کتاب کے موضوع کے حوالے سے کئی سرکردہ شخصیات نے اظہار خیال کرتے ہوئے احترام انسانیت کتاب کو نہایت ہی سنجیدہ ،ثمر آور ہونے کے ساتھ ساتھ مفید کوشش قرار دیا۔جسٹس کرمانی نے اپنے خطاب میں دور حاضرکے حالات و واقعات پر مفصّل وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ اخلاقی قدروں کو اپنے اپنے گھروں میں تقویت دینے کی اشد ضرورت ہے۔ پروفیسر بشیر احمد نحوی نے احترام انسانیت پر مدّلل روشنی ڈالتے 
ہوئے نوجوانوں میں اخلاقیات کو مزید تقویت دینے پر زور دیا۔مولانا شیخ غلام محمد نے صدر مجلس ڈاکٹر شیخ جاوید اقبال سے مخاطب ہو تے کہا کہ جہاں آپ معلمین کو علم نباتات و جمادات،علم فلکیات و ارضیات،علم و سیارات کے علوم دیتے ہیں، اِس کے ساتھ ساتھ آپ طلبا کو علم اخلاقیات سے متعارف کرائیں، اس سے انسانیت کے تقدس کو بحال کرنے ،احترام و اکرام عدل و انصاف قائم کرنے میں مدد ملے گی۔ ڈاکٹر شیخ جاوید احمد نے صدارتی خطاب میں ایسی تقریبات کے انعقاد اور احترام انسانیت کتاب کی رسم رونمائی پر مسرت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ایسی مجالس میں جہاں اطمینان و سکون ملتا ہے وہیںپر ایسی تقریبات اخلاقی بیداری کی روح کو اُجاگر کرنے میں بھی ثمر آور ثابت ہوتی ہیں۔
 
Share This Article
Leave a Comment

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *