بانہال // اتوار کے روز جمعیت اہلحدیث جموں وکشمیر کی طرف سے کو ہائر سکینڈری سکول بانہال کے میدان’’اسلام دین رحمت‘‘ کے عنوان سے ایک روزہ کا نفرنس کا انعقاد کیا، جس میں ہزاروں کی تعداد میں فرزندان توحید اور جمعیت کے چیدہ چیدہ علماء نے شرکت کی۔ اس موقع پر جمعیت اہلحدیث کے صدر پروفیسر غلام محمد بٹ المدنی اور ناظم اعلیٰ عبد الطیف الکندی مہمان خصوصی کے طور پر موجود تھے جبکہ جمعیت کے دیگر علما ء اکراموں ، عام لوگوں اور جمعیت کے رضاکاروں کی ایک بڑی تعداد بھی اس کانفرنس میں موجود تھی۔ اس موقع پر مقررین نے پہلے سے ہی منتخب اپنے اپنے موضوعات پر مفصل روشنی ڈالی اور ہزاروں سامعین کو دین رحمت کے اقوال سے مستفید کیا۔ مقررین نے کہا کہ دین اسلام وہ واحد دین ہے جو مکمل ضابطہ حیات ہے اور عالم انسانیت کو زندگی کے ہر شعبے میں اسلام دین رحمت کی رہنمائی حاصل کرنا ناگزید بن گیا ہے اور موجودہ دور میں اس کی اہمیت پورے عالم کیلئے بہت بڑھ گئی ہے کیونکہ اسلام میں ہی تمام برائیوں سے نجات کی تعلیمات اور راہ موجود ہے۔ انہوں نے کہا کہ اللہ اور اْس کے رسولؐ کی اطاعت و صحابہ اکرام کی محبت کے بغیر انسان دنیا و آخرت میں فلاح نہیں پاسکتا اور اس کیلئے قران ، سنت اور سلف صالحین کے طریقہ کو اپنانا ہی پورے عالم کو کامیابی سے ہمکنار کر سکتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اللہ نے قرآن کریم میں واضح طور پر فرمایا ہے کہ میں نے تمارے لئے دین کو مکمل کر لیا ہے اور دین اسلام کو تمہارے دین کی حیثیت سے قبول کر لیا ہے۔علماء نے اپنے خطبوں میں کہا کہ بدعات اور شرک سے دور رہ کر ہی ہم دین اسلام کی صیح معنوں میں پیروی کر سکتے ہیں اور اس کیلئے محنت اور لگن کی ضرورت ہے۔ مقررین نے کہا کہ آخرت کا تصور ،صداقت اور اخلاص وحیا کی بنیاد پر مبنی ہے لیکن اج کا مسلمان صیح دینی تعلیم و تربیت نہ ہونے کی وجہ سے دین اسلام سے دوری اختیار کرکے مختلف مسائب میں پھنس کر رہ گیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ضرورت اس بات کی ہے کہ ہمیں صیح معنوں میں دین سمجھنے اور اس پر عمل کر نے کی ضرورت ہے۔ا ْنہوں نے کہا کہ غیر مہذب معاشرے کی نقل کی وجہ سے ہم دین سے دوری اختیار کر گئے ہیں اور سماج میں بے راہ روری ، اپسی ناچاکی ، بغض وعناد اور منشیات کی بیماریاں تیزی کے ساتھ پنپ رہی ہیں اور ہمارے سماج کو کھوکھلا کر چکی ہیں۔ انہوں نے نوجوانوں سے مخاطب ہوتے ہوئے کہا کہ وہ نیک ،صالح اور دیندار افراد کو ہی اپنا دوست بنائیں تاکہ ان کی نیک صحبت اور نیک عمل کا اثر وہ حاصل کر سکیں اور گنائوں و بْرائیوں سے دور رہ پائیں۔ آزادی نسواں کے حوالے سے علماء نے کہا کہ ہمیں اپنی بچیوں اور بیٹیوں کو دین اسلام کی تعلیمیات سے روشناس کرانا چاہئے تاکہ دنیا میں ایک اسلامی معاشرے کو وجود میں لایا جاسکے تاکہ کل اللہ کے حضور ہم سب سر خرو ہوکر اٹھ سکیں۔ مقررین نے کہا کہ اس وقت پوری دْنیا میں انسانیت مظلوم ہے اور خصوصاً مسلمان مظلومیت کے سب سے بڑے شکار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اسلام نے زندگی کے ہر شعبے اور ہر معاملات کا حل بتایا ہے لیکن دینی تعلیمات سے دوری کے باعث ہم نے اس دین سے زندگی کی کامیابی کی روشنی حاصل کرنے اور اس پر مکمل پیروی کرنے کی زحمت گوارہ نہیں کی ،
نتیجتاً دین رحمت کی تعلیمات سے دوری کی وجہ سے ہم مظلومیت کی دلدل میں پوری طرح سے پھنس کر رہ گئے ہیں۔ انہوں نے کہا پیدا ہونے سے مر نے تک اور سیاست سے لیکر زندگی کے تمام شعبوں کی رسائی تک دین اسلام نے ہماری مکمل رہمنائی کی ہے اور اس پر عمل کرنے والا دونوں جہانوں میں کامیاب ہوکر رہے گا۔ علما نے کہا کہ بلا کسی تفرق کے ہمیں دین اسلام کی خدمت کر نی چاہئے اور اس دین کو صیح معنوں میں سمجھانے کی کوشش کر نی چاہئے۔ اس موقع پر اپنے صدراتی خطبے میں پروفیسر غلام محمد بٹ المدنی صدر جمعیت اہلحدیث جموں وکشمیر نے کہا کہ جمعیت اہلحدیث دین اسلام کی خدمات میں میدان میں عمل پیراں ہے اور کوشش کی جا رہی ہے کہ دین سلام کو ان لوگوں تک بھی پہنچایا جائے جو ابھی بھی دین سے دوری اختیار کئے ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے کلمہ حق تو پڑھا ہے لیکن اس پر عمل نہ کر نے کی وجہ سے مسلمان طرح طرح کی پریشانیوں میں مبتلا ہے۔ اْنہوں نے کہا کہ جمعیت اہلحدیث اس طرح کے اجتمات جگہ جگہ اور گاوں گاؤں منعقد کر رہی ہے تاکہ انسانی معاشرے کی اصلاح ہو سکے اور ہم دین اسلام کے مطابق زندگی گذرانے میں کامیاب ہو سکیں۔۔ اس موقع پرجمعیت اہلحدیث کے مقامی منتظمین کی طرف سے طعام کا بھی انتظام کیا گیا تھا جبکہ جلسہ میں میں موجود لوگوں کے لئے دیگر انتظامات بھی کر رکھے تھے اور وہاں موجود جمعیت کے رضاکاروں نے اپنے فرائض بخوبی انجام دیئے۔ اس موقع پر ڈاکٹر عبد الوحید الکندی ، مبشر احسن وانی المدنی ، محمد رمضان زاہد المدنی ،ارشاد احمد تانترے المدنی ،حاجی محمد یوسف سراجی، شیخ نظیر احمد المدنی ، کے علاوہ کئی علماء نے وہاں موجود سامعین کو دین اسلام کی روشنی میں اپنے خطبات سے مستفید کیا ۔اجتماع میں جمعیت کے تحصیل صدر بانہال ظہور احمد سلفی نے علاقے میں جمعیت اہلحدیث کی سرگرمیوں اور کارکردگی سے ذمہ داران کو روشناس کرایا اور علاقے میں ضروری نوعیت کے کئی کاموں کی بھی نشاندہی کی۔ اس کانفرنس میں عبدالقیوم سراجی ، ظہور سلفی ، منظور احمد کٹوچ ، مصیب وانی ، جہانگیر اکرم خان ، محمد اسلم میر، مدثر وانی ، اور دیگر منتظمین، رضاکاروں اور مختلف علاقوں کے زمہ داروں کا بھی شکریہ ادا کیا گیا۔ اس کانفرنس میں ممبر اسمبلی بانہال وقار رسول نے بھی شرکت کی۔ اپنے اختتامی کلمات میں جمعیت اہلحدیث کے ناظم اعلیٰ ڈاکٹر عبد الطیف الکندی جو بانہال کے پوگل علاقے سے تعلق رکھتے ہیں ، نے اظہار تشکر پیش کرتے ہوئے بانہال ، کھڑی اور پوگل پرستان کے دور دور کے علاقوں اور ریاست کی مختلف جگہوں سے آئے ہوئے مہمانوں کے علاوہ اجتماع میں موجود ہزاروں لوگوں کو اسلام دین حق کانفرنس میں شرکت کرنے کیلئے ان کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے جمعیت اہلحدیث کے مقامی نوجوانوں ، رضاکاروں اور منتظمین کی طرف سے کی کامیاب کاوشوں کا بھی شکریہ ادا کیا۔ دن بھر جاری رہنے والی اسلام دین رحمت کانفرنس میں نظامت کے فرائض بشارت بشیر نے انجام دیئے۔