پونچھ// پونچھ میں لائن آف کنٹرول کچھ دنوں کی خاموشی کے بعد ایک بار پھر شدید گولہ باری سے لرز اٹھی ۔شدیدفائرنگ اور گولہ باری کے باعث2 کمسن سمیت3شہری لقمہ اجل جبکہ16افراد زخمی ہوئے ۔ سرحد پار فائرنگ کے نتیجے میں ایک فوجی گاڑی کو بھی نقصان پہنچا اور اس میں کچھ اہلکاروں کو چوٹیں آئیں۔ پولیس کے مطابق صبح سات بجے پاکستانی افواج نے جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزی کرتے ہوئے دیگوار اور کیرنی سیکٹروں میں فائرنگ اور گولہ باری شروع کردی اور اس دوران مارٹر گولے بگیال دھرا،دیگوار ، بنوت اور شاہپور علاقوں میں آ گرے جن کی زد میں آکر 9سالہ افراز احمد ولد محمد رشید ساکن قصبہ موقعہ پر ہی لقمہ اجل بن گیا جبکہ15 سالہ لڑکی یاسمین اختر دختر محمد صدیق ساکن بگیال دھرا شدید زخمی ہوئی اور وہ زخموں کی تاب نہ لاکر چل بسی ۔اس دوران12دیگر افراد بھی زخمی ہوئے جن میںسے4 کو نازک حالت میں جموں منتقل کیاگیا۔ جن کی شناخت محمد رفیق ولد شکر دین ساکن قصبہ ، محمد صدیق ولد محمد حسین ساکن بگیال دھرا ، محمد نزاکت ولد نذیر حسین ساکن بگیال دھرا اور پانچ سالہ رابیہ کوثر دختر محمد صادق ساکن بگیال دھرا کے طور پر ہوئی ہے ۔ ان میںسے رابیہ سمیت دو زخمیوں کو بذریعہ ہیلی کاپٹر جموں منتقل کیاگیاجبکہ بقیہ دو کو بذریعہ گاڑی جموں بھیجاگیا۔دیگر زخمیوں کو پونچھ ہسپتال میں ہی چل رہاہے جن کی شناخت ریشمہ بی ، یاسر حسین ، محمد سجاد ، سلیمہ بی ، تعظیم اختر ، یاسمین اختر ، پروین اختر اور عرفان شبیرکے طور پر ہوئی ہے جن کا تعلق بگیال دھرا ، بنوت اور دیگوار سے ہے ۔ڈپٹی کمشنر پونچھ طارق زرگر نے کشمیر عظمیٰ سے بات کرتے ہوئے بتایاکہ 2 عام شہری لقمہ اجل بنے ہیں جبکہ دیگر 12 زخمی ہوئے ہیں جن میںسے 4 کو گورنمنٹ میڈیکل کالج و ہسپتال منتقل کیاگیاہے ۔جانی نقصان کے علاوہ مالی نقصان کی اطلاعات ہیں ۔ذرائع نے مزید بتایاکہ فوجی اہلکاروں کو بھی زخم آئے ہیں تاہم ان کی حالت مستحکم ہے ۔ادھر پاکستان نے کہا ہے کہبھارتی فوج کی ایل او سی پر بلااشتعال فائرنگ اورگولہ باری سے ایک شہری ہلاک جبکہ 4 افراد زخمی ہوگئے ۔پاکستانی فوج کے ترجمان نے کہا کہ بھارتی فوج نے لائن آف کنٹرول کے پگواڑا اور نیزہ پبر سیکٹر پر فائرنگ اور گولہ باری کی، جس کے نتیجے میں ایک پاکستانی شہری ہلاک اور 4 افراد زخمی ہوگئے ۔ شہری کی شناخت محمد دین جب کہ زخمی ہونے والوں کی شناخت 35 سالہ تسلیم، 22 سالہ جمیل، 12 سالہ عاقت اور جاوید کے نام سے ہوئی ہے۔