سرینگر+ اوڑی+بارہمولہ//اوڑی اور کپوارہ میں دراندازی کی دو کوششوں کا ناکام بنا کر5جنگجوئوں کی ہلاکت کا دعویٰ کیا گیا ہے۔ادھر بارہمولہ میں پولیس پارٹی پر گرینیڈ پھینکا گیا جس کے نتیجے میں 2اہلکار زخمی ہوئے۔پولیس نے کشمیر عظمیٰ کوبتایا کہ رام پور سیکٹر کے بونیار علاقے میں کنٹرول لائن پر فوج کی تورنا گلی چوکی کے نزدیک اتوار کی شام فوج کو جنگجوئوں کی دراندازی کاشبہ ہوا جس کے بعدفوج نے علاقے میںتلاشی آپریشن شروع کر دیا اور سوموار کی صبح فوج اور جنگجوئوں کے درمیان جھڑپ شرع ہوئی جوکئی گھنٹے تک جاری رہی جس میں فوج نے دو جنگجوئوں کو ہلاک کرنے کا دعویٰ کیا۔ایس ڈی پی او سید جاوید احمد نے کشمیر عظمیٰ کو بتا یا کہ علاقے میں فوج کی جانب سے آپریشن جاری ہے اورفوج نے مارے گئے جنگجوئوں کی لاشیں پولیس کے سپرد نہیں کی ہیں۔ادھردفاعی ترجمان نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ سرحدی ضلع کپوارہ کے ٹنگڈار ناڑ گلی کے پاس بلتھڑیاں علاقے میں فوج اور جنگجوئوں کے درمیان جھڑپ ہوئی ہے۔ترجمان کا کہنا تھا کہ جنگجوئوں کے ایک گروپ نے ٹنگڈار سیکٹر سے کنٹرول لائن عبور کرنے کی کوشش کی جسے20آر آر اور گڑوال ریجمنٹ کے اہلکاروں نے ناکام بنا تے ہوئے 3جنگجوئوں کو ہلاک کیا ۔مذکورہ جنگجو ئوںکو ہتھیار ڈالنے کیلئے کہا گیا لیکن انہوں نے ایسا کرنے کے بجائے اندھا دھند دفائرنگ شروع کردی۔ فوج نے پورے سرحدی علاقے میں تلاشی آپریشن جاری رکھا ہوا ہے ۔ ایس ایس پی کپوارہ شمشیر حسین نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ جھڑپ ہوئی ہے لیکن ابھی تک اُس میں یہ معلوم نہیں ہو سکا ہے کہ کتنے جنگجو ہلاک ہوئے ہیں ۔ جبکہ سرینگر میں مقیم دفاعی ترجمان کرنل راجیش کالیا نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ ٹنگڈار سیکٹر میں جہاں یہ جھڑپ ہوئی ہے وہ جگہ کافی دور ہے ۔انہوں نے کہا کہ جھڑپ میں 2جنگجو مارے جا چکے ہیں اور جھڑپ کی جگہ سے فوج نے 2ہتھیار بھی برامد کئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ علاقے میں جھڑپ جاری ہے ۔ادھر پولیس کے مطابق پیر کی شام 6بجکر 30منٹ پر پولیس اور فوج نے مصدقہ اطلاع پر جہامہ بارہمولہ علاقے میں ناکہ لگایا تھا، اس دوران موٹر سائیکل پر سوار مشتبہ جنگجوئوں کو رکنے کا اشارہ کیا گیاتاہم انہوںنے گرینیڈ داغا جس کے نتیجے میں دو پولیس اہلکار زخمی ہوئے ۔ اگر چہ مشتبہ افراد کو پکڑنے کی کوششیں کی گئی تاہم وہ اندھرے کا فائدہ اٹھا کر فرار ہونے میں کامیاب ہوئے ۔