جھیل ڈل کی آلودگی پر وزیر اعلیٰ برہم

Kashmir Uzma News Desk
3 Min Read
 سرینگر//شہرہ آفاق جھیل ڈل میں کثافت اور گھاس کی مقدار بے تحاشہ اضافے کے مد نظر وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی نے متعلقہ حکام کو جھیل ڈل کی صفائی کے کام میں تیزی لانے اور گھاس پھوس نکالنے کی ہدایات دیں۔انہوںنے کہا کہ صفائی مہم پر باقاعدہ نگرانی رکھنا وقت کی اہم ضرورت ہے ۔یہ ہدایات وزیر اعلیٰ نے کل جھیل کے اندرونی علاقوں کا دورہ کرنے کے دوران جاری کیں اور جھیل کو بے تحاشہ کثافت اور گھاس کی مقدار میں اضافہ دیکھ کر افسوس کا اظہار کیا۔انہوںنے متعلقہ افسران سے تاکید کی کہ جھیل میں گھاس پھوس اگنے کی روکتھام اور غلاظت سے پاک رکھنے کے لئے تمام تر اقدامات عمل میں لائی جائیں۔محبوبہ مفتی کو اس موقعہ پر بتایا گیا کہ لاوڈا نے پہلے ہی جھیل میں سے گھاس پھوس نکالنے کے عمل کو تیز کیا ہے اور اس وقت لگ بھگ 500مزدور اس میں سرگرم عمل ہیں۔انہیں بتایا گیا کہ پچھلے دو ماہ کے دوران جھیل میں سے 9لاکھ مکعب میٹر گھاس پھوس نکال دی گئی جس کی بدولت 5کلومیٹر پانی گھاس پھوس سے پاک کیا گیا ۔وزیر اعلیٰ کو بتایا گیا کہ سکاسٹ (کے) کی دو سٹیڈیز مناسب طریقے پر گھاس پھوس نکالنے اور ا سے ٹھکانے لگانے کے لئے مامور کئے گئے ہیں۔محبوبہ مفتی نے عشائی باغ ٹریک سے فوری طور گھاس پھوس نکالنے ، رعناواری ، ناو پورہ اور میر بہری میں صاف پانی کے بہائو کو یقینی بنانے کے لئے ایگزٹ چینلز کو صاف رکھنے کی ہدایت دی۔انہوںنے پرنسپل سیکرٹری روہت کنسل سے کہا کہ وہ ہر 10دِن کے بعد جھیل ڈل کی صفائی اور گھاس پھوس نکالنے کے عمل کا جائزہ لیا کریں۔وزیر اعلیٰ نے دورے کے دورا ن سیوریج ٹریٹمنٹ پلانٹس اور وہاں نصب شدہ مشینوں کے کام کاج کا جائزہ لیا۔وزیر مملکت مکانات و شہری ترقی آسیہ نقاش، ارکان قانون ساز یہ نور محمد شیخ اور خورشید عالم ، چیف سیکرٹری بی بی ویاس ،وزیر اعلیٰ کے پرنسپل سیکرٹری روہت کنسل ، کمشنر سیکرٹری مکانات و شہری ترقی ہردیش کمار، ڈویژنل کمشنر کشمیر بصیر احمد خان ،ڈپٹی کمشنر سرینگر ڈاکٹر سید عابد رشید ، وائس چیئرمین لاوڈا عبدالحفیظ مسعودی، کمشنر ایس ایم سی ڈاکٹر شفقت خان و دیگر سینئر افسران وزیر اعلیٰ کے ہمراہ تھے۔
Share This Article
Leave a Comment

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *