جموں// نائب وزیراعلیٰ ڈاکٹر نرمل سنگھ نے کہا ہے کہ حکومت جموںکے پرانے علاقوں کو ترقی دے کر ایک ہیرٹیج سٹی کے قیام کی خواہاں ہے۔ایسٹ جموں علاقوں میں مستحقین میں اولڈ ایج و دیگر پنشن چیکیں تقسیم کرنے کی ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے نائب وزیر اعلیٰ نے کہاکہ تاریخی جموں شہر کے ارد گرد کثیر المنزلہ پارکنگ پروجیکٹوں کی تکمیل شہر کی شان رفتہ کو بحال کرنے کی طرف اہم اقدامات تصور کئے جاتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ان پروجیکٹوں میں جنرل بس سٹینڈ ملٹی فیسلٹی سینٹر ، سٹی چوک پروجیکٹ اور پنجترتھی میں پارکنگ پروجیکٹ ، کنک منڈی ، پرانی منڈی ،رگھوناتھ بازار ودیگر متصل علاقوں کی دیدہ ذیبی میں اضافہ کریں گے ۔انہوںنے کہا کہ موجودہ حکومت جموں شہر کے موجود ہ مقام اور اعلیٰ تمدن و ثقافت کو دوبالا کرنے کی وعدہ بند ہے۔انہوںنے کہاکہ توی رور ڈیولپمنٹ فرنٹ ، مبارک منڈی رائیل کمپلیکس ، دریائے توی کے آر پار روپ وے پروجیکٹ ،جموں شہر کو ترقی دینے کی طرف اہم اقدامات اٹھائے جارہے ہیں۔اس موقعہ پر نائب وزیراعلیٰ نے پرانے شہر کے مختلف علاقوں سے تعلق رکھنے والے 170مستحقین میں پنشن و دیگر مالی امداد کی چکیں تقسیم کیں۔