سرینگر / / انسپکٹر جنرل آف پولیس منیر احمد خان نے کہا کہ جب تک وادی میں جنگجو اور ملی ٹنسی موجود ہے تب تک بی ایس ایف کیمپ ہمہامہ کے طرز پر حملے ہوتے رہیں گے۔ انہوں نے کہا کہ سیکورٹی ایجنسیوں نے کبھی یہ نہیں کہا کہ وادی میں ملی ٹنسی ختم ہوگئی ہے۔ منیر خان نے فورسز افسران کیساتھ ایک مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ’یہ بات آج ثابت ہوگئی کہ سیکورٹی فورسز کسی بھی حملے کو ناکام بنانے کے لئے تیار ہیں۔ یہ پہلی دفعہ نہیں ہے کہ جب کسی سیکورٹی فورس کیمپ پر حملہ کیا گیا۔ نہ اس کو دھچکا قرار دے سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا ’جب تک پاکستان ہمارا پڑوسی ہے، ایسی چیزیں ہوتی رہیں گی‘۔ آئی جی پی نے کہا کہ یہ حملہ بغیر کسی شک و شبہ کے جیش محمد سے وابستہ جنگجوؤں نے انجام دیا ہے۔ مارے گئے جنگجوؤں کا تعلق بھی جیش محمد گروپ سے ہی تھا۔ گروپ نے اس حملے کی ذمہ داری بھی قبول کی ہے‘۔ کشمیر پولیس چیف نے بعض نیوز چینلوں کی رپورٹنگ پر ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ’ایک نیوز چینل نے خبر چلائی تھی کہ حملہ ائرپورٹ پر کیا گیا ہے۔ ائرپورٹ پر حملہ ایک تشویشناک ایشو ہے۔ ایسی خبروں سے ریاست اور ریاست کے سیاحتی شعبے پر منفی اثرات پڑ سکتے ہیں۔