سرینگر//پنجاب میں پیش آئے ایک دلدوز سڑک حادثے میں جنوبی کشمیر سے تعلق رکھنے والے4شہری جاں بحق اور ایک شدید طور پر زخمی ہوا۔منگل علی الصبح 5بجے پنجاب کے امپھالہ نامی علاقے میں ایک ٹیمپو ٹریولر کوحادثہ پیش آیا۔فوری طور پر اس حادثے کی تفاصیل موصول نہیں ہوسکی ، تاہم پنجاب سے موصولہ اطلاعات میں بتایا گیا ہے کہ حادثے کا شکار ہونے والے ٹیمپو ٹریولر میں کشمیری مسافر بھی سوار تھے۔معلوم ہوا ہے کہ اس حادثے میں 4کشمیری جاں بحق اور ایک بری طرح سے زخمی ہوا۔ان تمام کا تعلق جنوبی کشمیر کے مختلف علاقوں سے ہے ۔حادثے میں جاں بحق ہونے والوں کی شناخت محمد اشرف گنائی و بشیر احمد گنائی ساکنان مرن پلوامہ ، محمد عباس ساکن اننت ناگ اور نور محمد ساکن قاضی گنڈ کے بطور ہوئی ہے۔اس واقعہ میں محمد الطاف ساکن مُرن شدید زخمی ہوا ہے اور اسکی حالت انتہائی تشویشناک بتائی جاتی ہے ۔معلوم ہوا ہے کہ پانچوں افراد پیشہ سے کوٹھدار تھے جو کاروبار کے سلسلے میں پنجاب جارہے تھے۔یہ تمام شہری تین روز قبل اپنے گھروں سے روانہ ہوئے تھے۔ حادثے کی خبر جونہی مرنے والوں کے آبائی علاقوں میں پہنچ گئی تو وہاں غم و الم کی لہر دوڑ گئی۔جاں بحق ہونے والوں کے رشتہ دار پنجاب روانہ ہوگئے ہیں اور ان کی میتیں واپس لانے کیلئے قانونی اور طبی لوازمات پورے کئے جارہے ہیں۔ان علاقوں میں جاں بحق ہوئے افراد کے رشتہ داروں اور مقامی لوگوںکی بڑی تعداد میتوں کا انتظار کررہی ہے ۔ادھر وادی میں سڑک کے مختلف حادثوں میںپانچ افراد زخمی ہوئے ۔ سڑک حادثے میں ٹول پوسٹ قاضی گنڈ کے نزدیک ایک ٹرک زیرنمبرJK13A-0895 جس کو ڈرائیور نامعلوم چلارہاتھا ایک انیو ا گاڑی زیرنمبرJK03B-4124 کے ساتھ ٹکرہوئی ۔ اس حادثے میں تین افراد زخمی ہوئے جن کو علاج و معالجہ کیلئے اسپتال منتقل کیا ۔پولیس نے کیس اندراج کرکے تحقیقات شروع کی ۔سڑک کے ایک حادثے میں باغی علی مردان خان سرینگر کے نزدیک ایک سکورٹی بغیر رجسٹریشن نمبر جس کو اوزیرہ مشتاق دختر مشتاق احمد ساکن نالہ بل نوہٹہ سرینگر چلارہی تھی ایک سیاح منی بس زیرنمرJK01S-6514 کے ساتھ ٹکر ہوئی اس حادثے میں سکورٹی ڈرائیور اور ساتھی سوار کلثومہ زوجہ مشتاق احمد شاہ زخمی ہوئے جن کوعلاج ومعالجہ کیلئے صورہ میڈکل انسٹی چیوٹ منتقل کیاگیا۔پولیس نے کیس اندراج کرکے تحقیقات شروع کی ۔(کے ایم این)