مہلوک پولیس اہلکار سُپرد خاک ، ڈی آئی جی کا خراج عقیدت
سرینگر // اونتی پورہ میں مارے گئے پولیس ہیڈکانسٹبل کو خراج عقیدت پیش کیاگیا ۔ڈپٹی انسپکٹر جنرل آف پولیس جنوبی کشمیر ایس پی پانی پولیس کے دیگر افسران و اہلکاروں نے ڈسڑکٹ پولیس لائنز اونتی پورہ میں گزشتہ رات جنگجوئوں کے حملے میں مارے گئے پولیس ہیڈکانسٹبل عاشق حُسین کو خراج عقیدت پیش کیا۔مذکورہ اہلکا ر کو آبائی گائو ں کرالہ چک چاڈورہ میں سپر د خاک کیاگیا ۔
ستورہ سڑک کی عارضی مرمت عوام کیلئے وبال جان
سید اعجاز
ترال//ترال ستورہ سڑک پر کام شروع کر نے سے ایک روز قبل سڑک کی عارضی مرمت علاقے کی آبادی کیلئے مشکلات کا باعث بن گیا ہے۔ گذشتہ ہفتے وزیر تعمیرات کو ستورہ سڑک پر شروع ہورہے کام کا افتتاح کرنا تھا اورمحکمہ تعمیرات نے دوران شب ہی سڑک کی ناگفتہ بہ حالت چھپانے کیلئے واگڈ سے ترال تک متعدد مقامات پر مرمت کی گئی لیکن ترال میںگرنیڈ حملہ ہونے کی وجہ سے وزیر موصوف افتتاح نہیں کر سکے تاہم جہاں جہاں سڑک کی مرمت کی گئی تھی اُس نے صورتحال مزید ابتر ہوگئی ہے۔ سڑک کے بیچوں بیچ جگہ جگہ پتھر جمع ہوگئے ہیں جہاں اب مسافروں کو پہلے سے زیادہ مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ انہوں نے متعلقہ محکمہ سے اپیل کی کہ ان پتھروں کو کم سے کم اس طرح ہٹایا یا دبایا جائے کہ عوام کو مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
۔29اکتوبر سے اردو یونیورسٹی کے امتحانات
جموں//مولانا آ زاد نیشنل اردو یونیورسٹی کے نظام فاصلاتی تعلیم کے تحت چل رہے بی اے/ ایم اے/ سرٹفکیٹ اور ڈپلوما کورسزکے سالانہ امتحانات 29 اکتوبر 2017سے ہونے جا رہے ہیں۔ سالانہ امتحان کے لئے طلبہ اپنے ہال ٹکٹ متعلقہ اسٹڈی سنٹر سے 20 اکتوبر 2017سے حاصل کرسکتے ہیں۔ دریں اثناء اردو یونیورسٹی کے فاصلاتی تعلیم کے تحت چل رہے 2018 کے لئے داخلہ عمل17 اکتوبر 2017 تک جاری رہے گا۔
بھاگوت کا بیان قابل مذمت:مظفر شاہ
سرینگر//عوامی نیشنل کانفرنس کے سینئر نائب صدر مظفر شاہ نے موہن بھاگوت کے کشمیر سے متعلق بیان کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھاگوت کو دفعہ370 اور35-A کا وجود مٹانے کی بات کرتے وقت ہندوستان کے آئین میں درج کشمیر کی خصوصی پوزیشن کو مد نظر رکھنا چاہئے ۔مظفر شاہ نے کہا کہ موہن بھاگوت کا بیان پی ڈی پی کیلئے چشم کشاہے،جس نے حکومت سازی سے قبل دعویٰ کیا تھا کہ بی جی پی سے دفعہ 370 کا دفاع کرنے کی یقین دہانی حاصل کی ہے۔انہوں نے کہا کہ اگرآرایس ایس اور بی جے پی کی فسطائیت پر مبنی پالیسی جاری رہی تو ہندوستان کا شیرازہ بکھرنا یقینی ہے ۔
انتہا پسندی کا عکاس:فریڈم لیگ
سرینگر// پیپلز فریڈم لیگ نے موہن بھگوت کے بیان کو انکی انتہا پسندذ ہنیت کا عکاس قرار دیتے ہوئے اسکی مذمت کی ۔لیگ ترجمان نے کہا کہ موہن بھگوت کو تنازعہ کشمیر کے حوالے سے کوئی علمیت نہیں ہے ۔انہوں نے کہا کہ بھاگوت کو چاہئے کہ وہ کشمیر کی تاریخ کا مطالعہ کرے تو انہیں پتہ چلے گا کہ تنازعہ کشمیر سات دہائیوں سے ایک زندہ حقیقت اور تسلیم شدہ مسئلہ ہے ۔
بشیر طوطا پیپلز لیگ کا صدر منتخب
سرینگر//پیپلز لیگ کے ایک دھڑے نے ایڈوکیٹ بشیر احمد طوطا کو دو سال کیلئے اپنا صدر منتخب کیا۔اس سلسلے میں پارٹی کا ایک اجلاس منعقد ہوا جس میں سنٹرل کونسل ممبران نے ووٹ ڈالکر صدر کو منتخب کیا۔ صدر منتخب ہونے کے بعد ایڈوکیٹ بشیر احمد طوطا نے عبوری چیئر مین محمد مقبول صوفی کو الیکشن کرانے کے لئے مبارک باد دی۔