نئی دہلی //خوراک ، سول سپلائیز و امور صارفین اور اطلاعات کے وزیر چودھری ذوالفقار علی نے کہا ہے کہ اقتصادی ترقی کیلئے امن کا ہونا لازمی ہے اور امن برقرار رکھنے کیلئے جامع کوششیں کی جانی چاہئیں ۔ نئی دہلی میں انڈین انٹر نیشنل فرنڈ شپ سوسائیٹی کی طرف سے منعقدہ ’’ اقتصادی ترقی اور قومی یکجہتی ‘‘ کے موضوع پر ایک قومی سیمنار سے خطاب کرتے ہوئے وزیر موصوف نے کہا کہ امن و سکون کے حالات میں ہی اقتصادی ترقی ممکن ہو سکتی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ جمہوریت ریاستوں کے درمیان پُر امن رشتوں کو تقویت بخشتے ہیں اور یوں اقتصادی ترقی بھی پروان چڑھتی ہے ۔ قوم کو ترقی یافتہ بنانے کے حالے سے ذوالفقار نے کہا کہ برصغیر میں امن اور خوشحالی کے عمل کو آگے بڑھانے میں ہر ایک کو اپنا اپنا رول ادا کرنا چاہیے ۔ انہوں نے کہا کہ منافرت کے ماحول سے اقتصادیات پر بھی منفی اثرات مرتب ہوتے ہیں اور سماجی زندگی بھی متاثر ہو جاتی ہے ۔