سرینگر//جموں کشمیر ریاستی سطح کے بینک کمیٹی (ایس ایل بی سی یہاں ایس کے آئی سی سی میں مدرا یوجنا مہم شروع کرنے کیلئے بالکل تیار ہے جو ملکی سطح پر فلیگ شپ سکیم پردھان منتری مدرا یوجنا مہم کے ذریعے چلائی جارہی ہے ۔کنونیر ایس ایل بی سی کی نمائندگی کرتے ہوئے جے کے بنک ایگزیکٹیو پریذیڈنٹ وہگیس چندر نے ان خیالات کااظہار ایگزیکٹیو پریذیڈنٹ ایس ایس سہگل ،پریذیڈنٹ پی کے تکو اور وائس پریذیڈنٹ راکیش گندوترا کی موجودگی میں ایک پریس کانفرنس کے دوران کیا جو بنک کے کارپوریٹ آفس میں منعقد ہوئی ۔پردھان منتری جن دھن یوجناکے ریاستی مشن ڈائریکٹرشاہد سلیم بھی پریس میٹ میں شریک تھے۔مہم کے بارے میں میڈیا کو تفصیلات دیتے ہوئے انہوں نے کہاکہ مدرا یوجنا مہم کے تحت لوگوں تک بڑے پیمانے پر رسائی کیلئے حکومت ہند مالیاتی شمولیتی سکیم اور ڈیجیٹل ادائیگی طریقوں کی تشہیر کرنا ہے تاکہ صارفین اور تاجروں کو اس طرز ادائیگی کی طرف مائل کیا جائے۔وزیراعظم مدرا یوجنا حکومت ہند کی ایک فلیگ شپ اسکیم ہے جوچھوٹی تجارت کیلئے مالیاتی سہولیات تک آسان اور باضابطہ رسائی فراہم کرکے اسے خود روزگار مواقع پیدا کرنے کا اہل بناتی ہے ۔انہوں نے کہاکہ ملک بھر میں مالیاتی معلوماتی مراکز کا ایک وسیع نیٹ ورک موجود ہے۔موجودہ وقت میں ریاست میں30مالیاتی معلوماتی مراکز قائم ہیں جن میں سے جے کے بنک کے12کے علاوہ 21دیہی خود روزگار تربیتی مراکز اور12ان میں سے جے کے بنک چلاتا ہے۔اس موقعے پر بولتے ہوئے ایگزیکٹیو پریذیڈنٹ ایس ایس سہگل نے کہاکہ ’’مدرا سکیم کے تحت ،ریاست میں قائم بنکوں نے1003کروڑ روپے 2433کروڑ روے 41000مستفیدین میں تقسیم کئے ہیں ۔جے کے بنک نے اکیلے ہی 788کروڑ روپے اس سکیم کے تحت واگذار کئے ہیں ۔جموں وکشمیر ریاست میں 20لاکھ پردھان منتری جن دھن یوجنا کھاتے کھولے گئے ہیں جن میں مجموعی ذیپازٹ650کروڑ روپے تک پہنچ گئے ہیں ۔ان کھاتوں میں 17لاکھ کھاتے ریاست کے دیہی علاقوں میں کھولے گئے ہیں۔پریس کانفرنس کی غرض و غایت پر روشنی ڈالتے ہوئے انہوں نے کہاکہ ’’اس کا مقصد ریاست بھر میں اس پیغام کو عام کرنا ہے کہ بنک مالیاتی خدمات و بینکنگ سہولیات ریاست کے کونے کونے تک پہنچانے کے عمل میں مصروف ہیں جس کیلئے وقت اور پیسہ بچانے والے طریقے اختیار کئے جارہے ہیں ۔انہوں نے کہاکہ گذشتہ برس ایس بی این کی جانب سے نوٹ بندی کے عمل کے دوران روایتی بینکنگ سے ڈیجیٹل بینکنگ کی طرف بڑے پیمانے پر منتقلی ہوئی ۔اس پریس بریفنگ کے دوران ہم یہ پیغام پہنچانا چاہتے ہیں کہ لوگ ڈیجیٹل بینکنگ کو اختیار کریں تاکہ انہیں محفوظ اور تیز خدمات میسر ہوں ۔حال ہی میں بینک کی جانب سے ڈیجیٹل بینکنگ میں کئے گئے اقدامات کا احاطہ کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ بینک نے انٹرنیٹ ادائیگی گیٹ وے تخلیق کیا ہے تاکہ ریاست کے تعلیمی اداروں بشمول یونیورسٹیوں ،این آئی ٹی وغیرہ میں فیس جمع کرنا آسان ہو۔بینک نے حال ہی میں کیمپس کار ڑ سنٹرل یونیورسٹی جموں میں پیش کئے جو کہ ایک مختلف النوع عملی کارڑ ہے جو شناخت،حاضری ،لائبرری اور بینکنگ لین دین کی سہولت مہیا کرتا ہے۔میڈیا کو خطاب کرتے ہوئے شاہد سلیم مشن ڈائریکٹر نے کہاکہ اس پروگرام کا مقصد مالیاتی شمولیتی مہم ،ڈیجیٹائزیشن ،اور مالیاتی معلومات عام لوگوں تک بہم پہنچانا ہے ۔ہم نے سیاحت ،باغبانی ،دستکاری اور ہینڈ لوم سیکٹر کو منتخب کیا ہے جو اپنے سٹال لگا کر لوگوں کو اس بارے مین جانکاری دیں گے۔ یہ بات قابل ذکر ہے کہ مدرا فائنانس کااہم فیچر یہ ہے کہ وہ کسی تیسرے فریق کی ضمانت سے مبرا ہے جس میں نرم مارجن اور مناسب شرح سود ہے ۔اس قرضہ کو ششو ،کشور اور ترن قرضوں مین درجے بندی کی گئی ہے۔مدرا سکیم کے تحت قرضوں کا حجم50000روپے سے5لاکھ اور10لاکھ روپے ہے ْ۔ واضح رہے کہ ستمبر27کو مرکزی وزیر ریلوے اور کوئلہ پیوش گوئل نے اس مہم کو وارانسی اترپردیش میں شروع کیا تھا ۔رواں مہینے کی17تاریخ تک ملک کی50جگہوں پر اس سے متعلق مہم چلائی جائے گی ۔دریں اثناء ایس ایل بی سی نے اس مہم کی تقریبات کیلئے ساری تیاریاں مکمل کی ہیں ۔اس موقعے پر ایس کے آئی سی سی میں30سٹال لگائے جائیں گے جن میں مختلف محکمے اور ادارے شرکت کریں گے۔