سابق ریونیو ملازمین کے خلاف ویجی لنس کی کارروائی
سرینگر//ویجی لینس آرگنائیزیشن نے محکمہ مال کے سابق ملازمین کے خلاف ریاست کے خزانہ عامرہ کو ہوئے کروڑوں روپے کے نقصان سے متعلق معاملات باقاعدہ طور درج کئے ہیں ۔ اس سلسلے میں ایف آئی آر نمبر 39/2017u/s5(1)(d)r/w5(2) جے اینڈ کے پروینشن آف کورپشن ایکٹ ایس وی ٹی 2006 اور سیکشن 120-b آر پی سی بتاریخ 3-9-2017 ملازمین سلیم محمد سابق سیٹلمنٹ افسر شیر سنگھ سابق گرداور سرکل کٹرہ اور سابق پٹواری سیٹلمنٹ کندوریاں کٹرہ کے خلاف درج کئے گئے ہیں ۔ سابق ملازمین نے ایک سازش کے تحت نجی مستحقین کے ساتھ مل کر اپنے سرکاری حثیت کا غلط استعمال کر کے غیر قانونی طور پر زمین121 u/s لینڈ ریونیو ایکٹ کے تحت کندوریاں دیہات میں زمین 2010 کے دوران منتقل کر کے کروڑوں روپے کی سٹیمپ ڈیوٹی کی خرد برد کی ۔ محکمہ مال کے افسران /ملازمین نے کندوریاں دیہات میں زمین کا بندو بست مکمل نہیں کیا اس کے برعکس انہوں نے لینڈ ریونیو ایکٹ کے دفعہ 121 کے تحت نجی زمین کو اُن اشخاص کے نام منتقل کرنا شروع کیا جن کے قبضے میں وہ زمین تھی ۔ یہ زمین باقاعدہ طور بیچی اور خریدی جانی تھی اورجس کے تحت ایک بیع نامے پر دستخط کر کے اسٹیمپ ڈیوٹی ادا کرنی تھی ۔
لداخ سے موصولہ شکایات
کے ازالے کیلئے کام شروع
سرینگر//وزیر اعلیٰ شکائتی سیل نے لداخ میں منعقدہ شکائت کے ازالہ کیمپوں کے دوران موصول شدہ شکایات کا ازالہ کرنے کا کام شروع کیا ہے ۔ واضح رہے کہ شکائتی کیمپ کا انعقاد وزیر اعلیٰ شکائتی سیل نے سیل کے کوارڈینیٹر تصدق حسین مفتی کی ہدایت کے تحت لداخ خطے میں کیا گیا ۔ طالب علموں کے نمائیندگان نے امتحانات اور اسناد کو جاری کرنے میں تعطل کا مسئلہ اٹھایا ۔ طالب علموں نے کوارڈینیٹر کو لداخ خطے کیلئے ایک متبادل امتحانی بلاک فراہم کرنے کی درخواست کی تا کہ وہ امتحانات سے متعلق شکایات کا ازالہ کروا سکیں اور انہیں ان مسئلوں کے حل کیلئے کشمیر کا دورہ نہ کرنا پڑے ۔ مفتی نے فوری طور متعلقہ شکائتی سیل کے افسران کو یہ درخواست کشمیر یونیورسٹی کے وائس چانسلر تک پہنچانے کی ہدایت دی تا کہ لہیہ میں یونیورسٹی کے کیمپس میں شکایات کے ازالے کیلئے ایک ہفتہ کے اندر خصوصی ازالہ شکائتی کیمپ منعقد کیا جا سکے اور طالب علموں کی شکایات کا ازالہ اُن کے گھروں کے نزدیک ہی کیا جا سکے ۔ مفتی نے کرگل اور لہیہ کی ضلع انتظامیہ کو لداخ بھر میں شکایات کے اندراج کیلئے جانکاری کیمپوں کے انعقاد کی ہدایت دی گئی ۔
فوج حزب جنگجوئوں کے اہل خانہ کو ہراساں کررہی ہے:جہاد کونسل
سرینگر//متحدہ جہادکونسل نے حزب کمانڈرریاض نائیکواورعدنان لو ن کے اہل خانہ کوہراسان کرنے کاالزام عائد کرتے ہوئے کہاکہ فوج دونوں عسکریت پسندوںکے گھروں میں چھاپے ڈالکرگھریلو سامان کونقصان پہنچارہی ہے۔انہوں نے کہاکہ وادی میں جاری گیسوتراشی کے واقعات میں فورسزاوراُنکے زرخریدایجنٹ ملوث ہیں ۔جہادکونسل ترجمان سیدصداقت حسین نے کے این ایس کوایک ٹیلی بیان میں کہاکہ فوجاورفورسزلگاتارحزب کمانڈرریاض نائیکواورعدنان احمدلون کے گھروں واقع بیگ پورہ پلوامہ اور بندناپلوامہ میں چھاپے ڈالکرگھریلوسامان کوتہس نہس کرنے کے ساتھ ساتھ دونو ںجنگجوئوں کے اہل خانہ کوہراساں کررہی ہے۔ ترجمان نے کہاکہ فورسزچونکہ سرگرم عساکرکامقابلہ کرنے میں ناکام ہے ،اسلئے اب اُنکے اہل خانہ کوستانے اورہراساں کرنے کی مہم چھیڑدی گئی ہے۔انہوں نے کہاکہ وادی میں جاری گیسوتراشی کے واقعات میں فورسزاوراُنکے زرخریدایجنٹ ملوث ہیں تاکہ اہلیان کشمیرمیں خوف وہراس پیداکیاجاسکے۔
معروف ماہر تعلیم عتیقہ بانو سپرد خاک
سوپور //غلام محمد // ماہر تعلیم ، ثقافت نواز اور ادبی مرکز کامراز کی نائب صدر عتیقہ بانو بدھ کی شام سوپور میں طویل علالت کے بعد انتقال کر گئیں ۔ اُن کی عمر 76برس تھی اور وہ بہن جی کے نام سے پہچانی جاتی تھیں ۔انہیںجمعرات کو آبائی قبرستان آئی ٹی آئی جلال آباد سوپور میں سینکڑوں لوگوں کی موجودگی میں سپردخاک کیا گیا ۔فروری کے مہینے میں اُن کے دل کاآپریشن کیا گیا ۔آپریشن کے بعد کچھ عرصہ ٹھیک رہنے کے بعد پچھلے دنوں اُن کی طبیعت اچانک خراب ہو گئی اور وہ بدھ کی شام کو اپنے آبائی گھر سوپور میں انتقال کر گئیں ۔ وہ محکمہ تعلیم میں کئی عہدوں پر فائض رہی تھیں اور بالآخر ڈائریکٹر لائبریریز کے عہدے سے سبکدوش ہوئیں ۔ انہوں نے محکمہ تعلیم میں نمایاں خدمات انجام دی ہیں ۔مرحومہ کو ثقافت اور زبان سے بے حدپیار تھاجس کی مثال یہ ہے کہ انہوں نے اپنی نوعیت کا پہلا ثقافتی میوزم سوپور میں قائم کیا ،جس کا نام میراث محل ہے۔علاوہ اذیں انہوں نے شمالی کشمیر میں خواتین کی پہلی تنظیم مجلس النساء کی بنیاد رکھی تھی ۔
کرالہ گنڈ کپوارہ میں 55سالہ شہری لاپتہ
کپوارہ//اشرف چراغ //سرحدی ضلع کپوارہ میں 55سالہ غلام احمد میر ولد حاجی محمد مختار میر ساکن کرالہ گنڈ 3روز قبل اپنے گھر سے بارہ مولہ گیا جہا ں ان کو ڈاکٹر سے اپنی صحت کی جانچ کرانی تھی ۔غلام احمد میر کے بیٹے شو کت احمد میر نے کشمیر عظمیٰ کو بتا یا کہ ان کا والد بارہ مولہ سے واپس نہیں آ یا جس کے نتیجے میں انہیں ان کی سلامتی سے متعلق سخت تشویش ہے۔انہوں نے کہا کہ پولیس میں گمشدگی رپورٹ درج کرائی گئی لیکن ابھی تک کوئی اتہ پتہ نہیں ہے ۔شوکت کا کہنا ہے کہ انہیں خدشہ ہے کہ ان کے والد کو فورسز نے گرفتار کیا ہے اور انہیں ان کی سلامتی سے متعلق سخت تشویش ہے ۔واضح رہے کہ گزشتہ ایک مہینے کے دوران کرالہ گنڈ علاقہ میں یہ دوسرا واقعہ ہے جب کوئی بزرگ شہری اپنے گھر سے بارہ مولہ گیا اور واپس نہیں آ یا ۔اس سے قبل کھئی پورہ قاضی آ باد کامحمد رمضان شیخ بھی9ستمبر کو اس وقت گھر سے بارہ مولہ کے لئے نکلا جب ربن سوپور میں فوج اور جنگجوئو ں کے درمیان جھڑپ میں قاضی آ باد کا جوان جا ں بحق ہو گیا اور علاقہ میں کشید گی تھی ۔عبد الرحمان کے لاپتہ ہونے کے بارے میں ابھی تک کوئی اتہ پتہ نہیں ہے ۔
عوام کی شکایت رنگ لائی
منزموہ ڈورو سڑک کا کام غیر معیاری ثابت،2انجینئر معطل
ڈورو//عارف بلوچ//ڈورو شاہ آباد کے مضافاتی علاقہ منزموہ میں مرکزی معاونت والی اسکیم وزیر اعظم گرامین سڑک یوجنا (پی ایم جی ایس وائی )کے ذریعے تعمیر ہورہی سڑک کو عوامی شکایت کے بعد اکھاڑنا شروع کیاگیا ہے ۔اس دوران محکمہ نے ڈیوٹی میں غفلت برتنے پر دو جونیئر انجینئروں کومعطل کیا ہے ۔پانچ کلو میٹر پر مشتمل اس سڑک پر تقریباََ6کروڑ روپئے لاگت آنے کا تخمینہ ہے ۔مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ محکمہ کے وضع کر دہ قواعدوضوابط پر کوئی عمل نہیں ہورہا ہے۔انہوں نے کہا کہ یہ معاملہ وزیر مملکت فاروق اندرابی کی نوٹس میں بھی لایا گیاجنہوں نے گذشتہ دنوں علاقہ کا دورہ کر کے غیر معیاری کام کو ازخود منہدم کیا ۔اس حوالے سے چیف انجینئر پی ایم جی ایس وائی ملک بشارت نے اعتراف کیا کہ اُنہوں نے بذات خود محکمہ کے دو جونیر انجینئروں کو غفلت برتنے کی پاداش میں نوکری سے معطل کیا ہے اور خراب ہوئے کام کو منہدم کر کے دوبارہ ٹھیک کرنے کے احکامات صادر کئے ۔
منشیات مخالف مہم
سرینگر ،گاندربل اور کپوارہ میںکارروائیاں ،2 افراد گرفتار
سرینگر//سرینگر پولیس نے نوگام میں ایک شخص کے گھرسے بھنگ اور فُکی ضبط کی۔ تھانہ پولیس نوگام کی پولیس پارٹی نے گنائی محلہ واگورہ میں ایک شخص گلزار احمد گنائی کے رہائشی مکان پر چھاپہ مارکر تلاشی کاروائی شروع کی ۔ تلاشی کاروائی کے دوران 25 کلو گرام بھنگ پتری اور 7 کلوگرام فُکی ضبط کی ۔ پولیس نے اس کے خلاف کیس زیر ایف آئی آر نمبر120/2017 درج کرلیا ہے۔ گاندربل پولیس نے ایک شخص کو کوڈین کی41 بوتلیں سمیت گرفتارکیا۔ پولیس نے اس کے خلاف کیس زیر ایف آئی آر نمبر41/2017 درج کیا۔ کپوارہ پولیس نے کپوارہ پولیس نے ایک ڈرگ اسمگلر کو گرفتار کیا جس کی پہچان فاروق احمد میر عرف فاروق کوڈین ساکن آورہ کے طورپر ہوئی ہے۔ اُس کے قبضے سے ایک سو بوتلیں کوڈین اور پروکسوان کیپسول برآمد ہوئے۔ پولیس نے اس کے خلاف ایک کیس زیر نمبر254/2017 درج کرلیا۔ ایس ایس پی کپوارہ شمشیر حُسین نے بتایا کہ گرفتارکیا گیا شخص ایک بدنام زمانہ ڈرگ اسمگلر ہے۔
محبوسین کا حوصلہ قومی سرمایہ:مسلم لیگ
عالمی اداروں سے مداخلت کا مطالبہ
سرینگر//مسلم لیگ کے قائمقام چیئرمین محمد یوسف میر نے محبوسین کے ایثار کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ جیل کی سلاخوں کے پیچھے اپنے عزیزو اقارب سے دور قوم کی سربلندی کی خاطر اپنی خواہشوں اور ارمانوں کو ذبح کر کے خود کو ملت و قوم کے لئے وقف کرنا بلاشبہ ایک عظیم اعزاز ہے۔لیگ ترجمان کے مطابق محمد یوسف میر نے مسرت عالم بٹ، ڈاکٹرمحمد قاسم فکتو، ڈاکٹر شفیع شریعتی، غلام قادر بٹ، آسیہ اندرابی، محمد رفیق گنائی ، عبدالاحدپرہ ،اسداللہ پرے،حکیم شوکت، معراج الدین نندا، مولوی سجاد، ارشاد احمد پرہ، فہمیدہ صوفی،محمد شعبان ڈار، شیخ محمد رمضان،فیاض احمد طلاق، محمد لطیف ڈار،شبیر احمد شاہ،پیر سیف اللہ، خورشید احمد لون، ایاز اکبر، فوٹو جرنلسٹ کامران یوسف، خان سوپوری، محمد حیات بٹ،راجہ کلوال،امیر حمزہ، حفیظ اللہ میر، محمد یوسف فلاحی، شکیل احمد بٹ، مفتی ندیم، عمر رشید وانی ،سرجان برکاتی، شکیل احمد ایتو، جاوید احمدفلے ،بٹہ کراٹے،بشارت احمد، ایاز محمود، عاشق حسین،فیروز احمد،شوکت احمد کیموہ، محمد رستم بٹ اور دیگر قیدیوں کے عزم و استقلال اور بلند حوصلوں کو قیمتی سرمایہ قرار دیا ہے۔میر نے اقوام عالم اور انسانی حقوق کی عالمی تنظیموں سے اپیل کی ہے کہ وہ ان قیدیوں کی رہائی کے حوالے سے اپنا اثرو رسوخ استعمال کریں جن کو اس وقت جیلوں میں بدترین حالات کا سامنا ہے۔
میاں قیوم کا موقف قابل تعریف:دختران ملت
سرینگر//دختران ملت نے ہائی کورٹ بار ایسو سی ایشن کی طرف سے سپریم کورٹ میں مضبوط موقف پیش کرتے ہوئے بھارت کے ساتھ الحاق کو غیر قانونی قرار دینے پربار کو مبارکباد پیش کی ہے۔ایک بیان میں دختران ملت کی جنرل سیکریٹری ناہیدہ نسرین نے کہا کہ بھارتی حکومت اور اس کی ایجنسیوں کے دھمکانے کے باوجود بھی میاں عبد القیوم نے مستحکم موقف پیش کیا جو کہ قابل تعریف ہے۔انہوں نے کہا کہ این آئی اے نے کشمیریوں کی آواز دبانے کیلئے میاں عبد القیوم کو بھی ہراساں کیا گیا لیکن ان کے مبنی بر صداقت موقف میں لچک نہیں آئی اور انہوں نے استقامت اور حق گوئی کا مظاہرہ کیا۔دریں اثنا نسرین نے تہاڑ جیل میں کشمیری قیدیوں پر حملوں کی مذمت کی۔
ٹنگمرگ میں ریچھ کے حملے میں شہری زخمی
ٹنگمرگ //ٹنگمرگ میں ریچھ کے ایک حملے میں محکمہ جنگلات کا ایک ملازم زخمی ہوا ہے۔مذکورہ ملازم ٹنگمرگ کے کمپارٹمنٹ نمبر47B ڑونٹھ باغ ڈرگ فارم میں ڈیوٹی دے رہا تھا کہ اس دران ریچھ نے امام دین ولد شیر محمد کٹاریہ ساکنہ درنگ کھاگ نامی ملازم پر اچانک حملہ کرکے اسکا دایاں ہاتھ زخمی کردیا ۔دیگر ملازمین کے شور وغل مچانے پر ریچھ نزدیکی جنگل کی طرف فرار ہوگیا ۔(مشتاق الحسن)
کشمیری نظربندوں کی حالت ناگفتہ بہ :فریڈم لیگ
سرینگر// پیپلز فریڈم لیگ نے مختلف جیلوں میں مقید کشمیری سیاسی نظر بندوں کی نا گفتہ بہہ حالت پر شدید ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ جیل حکام قیدیوں کے تئیںنا روا سلوک اختیار کئے ہوئے ہے ۔انہوں نے کہا کہ ان جیلوں میں سالہاسال سے مقید کشمیری سیاسی قیدیوں کو مقررہ وقت پر عدالتوں میں پیش نہیں کیا جا رہا ہے اور اس طرح جان بوجھ کر ان کی مدت قید میں طوالت دی جارہی ہے ۔ انہوں نے مسرت عالم ،محمد قاسم فکتو، ایاز اکبر ، محمد رفیق گنائی ، حکیم شوکت ، عبدالغنی بٹ وغیرہ کی رہائی پر زور دیا ہے۔
دیوسر کولگام میں آج سیرتی تقریب
سرینگر//آج 15محرم الحرام جمعتہ المبارک قبل از نماز جمعہ ایک سیرتی تقریب جامع مسجد بون دیوسرکولگام آستان بازار میں پروقار تقریب منعقد ہوگی جس میں مقامی انتظامیہ کی دعوت پر انجمن حمایت الاسلام صدر مولانا خورشید احمد قانونگو اہلبیت طاہرین ؓ کی عزیمت و شریعت مطہرہ کی پاسداری کیلئے عظیم شہادت کے موضوع پر خطاب کریںگے۔ دریں اثناء اسی موضوع پر خانقاہ اکملیہ حول میں سرپرست انجمن مولانا شوکت حسین کینگ بیان کرکے فرائض انجام دینگے۔