جموں//مولاناآزاد نیشنل اردوحیدرآباد کے شعبہ سوشل ورک کے زیر اہتمام 3 اکتوبر کو بین ا لاقوامی یوم عدم تشدد بہت ہی جوش و خروش کے ساتھ منایا گیا۔ واضح رہے کہ اقوام متحدہ نے دنیا بھر میں بڑھتی ہوئی عدم رواداری، تشدد اور نفرت کو مد نظر رکھتے ہوئے مہاتما گاندھی جن کو پوری دنیا عدم تشدد کا علمبردار تسلیم کر چکی ہے کی یوم پیدائش کو عالمی پیمانے پر عدم تشددکے طور پر منانے کا منشور جاری کیا تھا۔ گاندھی جی نے عدم تشدد کو تشدد اور ظلم کے خلاف بطور ہتھیار استعمال کیا تھا جو ایک کامیاب تجربہ ثابت ہوا۔ انہوں نے نہ صرف انگریزوں کو اپنی شخصیت سے متاثر کیا بلکہ بلا تفریق مذہب و ملت ہر ہندوستانی پر بھی اپنی چھاپ چھوڑی۔ اسی جذبے کے تحت شعبہ سوشل ورک کے طلبہ نے عدم تشدد کے موضوع پر مختلف قسم کی سرگرمیاں پیش کیں۔ کنڑولر امتحانات پروفیسر محمد شاہد نے تشدد کی مختلف شکلوں کو واضح کیا۔ شعبہ اسلامک اسٹڈیز کے صدر ڈاکٹر محمد فہیم اختر نے اس موقع کی مناسبت سے اسلام اور عدم تشدد کے مابین رشتے کی اہمیت کو واضح کیا ۔ شعبہ سیاسیات کے صدر ڈاکٹر افروز عالم نے موجودہ سماجی اور سیاسی پس منظر میں مہاتما گاندھی کے نظریات کی ضرورت پر توجہ دلائی۔ پروگرام کے اختتام پر شعبہ سوشل ورک کے صدر ڈاکٹر محمد شاہد رضا نے سوشل ورک پروفیشن میں گاندھی جی کے اقدار اور ان کے تعمیری طریق کار پر گفتگو کی اور طلبہ کو ان کے کام کے طریقے کو اپنے فیلڈ ورک کے دوران استعمال کرنے کی صلاح دی۔ شعبہ کے اساتذہ جناب اسرار عالم، ڈاکٹر آفتاب عالم اورڈاکٹر رفعت آرا نے پروگرام کے انعقاد میں طلبہ کی رہنمائی کی۔ ابو اسامہ، اسسٹنٹ پروفیسر نے پروگرام کی نظامت کی۔